لوئر دیر میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 دہشت گرد مارے گئے

  • February 2, 2021, 12:30 pm
  • National News
  • 140 Views

راولپنڈی: لوئردیر میں سیکیورٹی فورسز کے خفیہ آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر پر لوئر دیر کے قریب خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں میں عابد اور یوسف خان سوات اور عبدالستار ملتان کا رہائشی ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں ہتھیار، گولیاں اور گرینیڈ برآمد کرلیے گئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گرد 2019 میں سوات میں قتل کی وارداتوں میں ملوث تھے، دہشت گرد ملک کے کئی اہم عمائدین کو نشانہ بنانے کی پلاننگ کررہے تھے۔

واضح رہے کہ 24 جنوری کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ آپریشن کیا جس کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

یاد رہے کہ 14 جنوری کو شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن میں 2 دہشت گرد مارے گئے تھے اور 3 سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔