نشے کی حالت میں اسسٹنٹ کمشنر اور ملازم گرفتار
- February 5, 2021, 11:38 am
- National News
- 296 Views
کراچی کے علاقے صدر میں ریگل چوک پر نشے کی حالت میں پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کرنے والے اسسٹنٹ کمشنر اور اس کے ملازم کو گرفتار کر لیا گیا۔
مذکورہ اسسٹنٹ کمشنر کو پرائیویٹ کار پر جعلی نمبر پلیٹ لگانے کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق صدر میں ریگل چوک کے قریب چیکنگ پر مامور پولیس اہلکاروں نے سرکاری نمبر پلیٹ کی ایک مشکوک کار کو روکا تو گاڑی میں بیٹھے ہوئے 2 افراد نے پولیس کے ساتھ بدتمیزی کی، دونوں افراد نشے کی حالت میں تھے۔
دونوں کو حراست میں لے کر پریڈی تھانے منتقل کیا گیا جہاں پر ایک کی شناخت احسن انیس اسسٹنٹ کمشنر بورڈ آف ریوینیو اور ملازم ساحل کے نام سے ہوئی۔
دونوں ملزمان کو ٹیسٹ کرانے کے لیے سول اسپتال لے جایا گیا جہاں پر ٹیسٹ کے لیے ان کے سیمپل لیے گئے۔
ملزمان کے قبضے سے ملنے والی گاڑی پرائیویٹ ہے جس پر جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگائی گئی تھی جس کا مقدمہ احسن انیس کے خلاف سرکاری مدعیت میں پریڈی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔