موٹروے پر سفر کرنے والے ہوشیار خبردار، سکھر ملتان موٹروے پر دنیا کا سب سے جدید انٹیلی جنس ٹرانسپورٹ سسٹم فعال کر دیا گیا
- February 5, 2021, 2:21 pm
- Science & Technology News
- 278 Views
موٹروے پر سفر کرنے والے ہوشیار خبردار، اب اوور اسپیڈنگ کرنے والے کسی صورت جرمانے سے نہیں بچ پائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائے وے اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے پہلی مرتبہ پاکستان کی کسی قومی شاہراہ پر دنیا کا سب سے جدید انٹیلی جنس ٹرانسپورٹ سسٹم فعال کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملتان تا سکھر ایم 5 موٹروے پر انٹیلی جنس ٹرانسپورٹ سسٹم فعال کرنے کے بعد اس شاہراہ پر سفر کرنے والوں کو خبردار کر دیا گیا ہے۔
انٹیلی جنس ٹرانسپورٹ سسٹم فعال ہونے سے کسی بھی گاڑی کی اوور اسپیڈنگ یا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کیمرے کی آنکھ محفوظ کر لے گی۔ پورے موٹروے کے اہم مقامات پر جدید کیمرے لگائے گئے ہیں، جو خود کار نظام کے تحت ٹریفک کو مانیٹر کریں گے۔
ایم 5 موٹروے پر سفر کرنے والی کوئی بھی گاڑی اگر کسی بھی ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کرتی ہے، تو اس گاڑی کیخلاف کود کار نظام کے تحت ٹریفک چالان کاٹ لیا جائے گا۔
یہاں واضح رہے کہ ایم 5 ملتان تا سکھر موٹروے ناصرف ملک کی سب سے طویل قومی شاہراہ ہے، بلکہ اس شاہراہ کو سی پیک کا سب سے اہم منصوبہ بھی قرار دیا گیا ہے۔ 392 کلومیٹر طویل موٹروے ایم 5 پر تقریباً 2.89 ارب روپے کی لاگت آئی۔ یہ موٹروے ملتان شجاع آباد، جلالپور پیروالہ، بہاولپور کے قریب اُچ شریف، احمد پور شرقیہ، رحیم یار خان، صادق آباد، سندھ کے شہر اوباڑو، گھوٹکی اور پنوعاقل سے ہوتا ہوا سکھر میں روہڑی کے قریب اختتام پذیر ہوتا ہے۔
نیشنل ہائی وے کے مقابلے میں موٹروے ایم 5 پر ملتان سے سکھر کیلئے سفر کریں تو فاصلہ 75 کلومیٹر کم ہے۔ موٹروے پر بغیر رکے مسلسل سفر کریں تو 6 گھنٹے کا سفر سُکڑ کر 3 سے ساڑھے 3 گھنٹے رہ گیا ہے۔ منصوبے کا افتتاح 22 ستمبر 2019 کو کیا گیا تھا۔ جبکہ اس منصوبے کا اگلا حصہ سکھر تا حیدرآباد موٹروے کی تعمیر بھی رواں سال شروع کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔