ایپل کار : کیا آئی فون کے فیچرز جیسی کار مارکیٹ میں آنے کے لئے تیار ہے؟
- February 7, 2021, 5:28 pm
- Science & Technology News
- 272 Views
گاڑی قریب جاتے ہی آپ کو ویلکم کہے اور ساتھ ہی خودکار طریقے سے دروازہ کھول دے۔ انگلی کے ایک اشارے پر گاڑی اسٹارٹ ہو جائے اور چلتی ہوئی گاڑی آپ کو موسم کی صورتحال سمیت آپ کی منزل کی جانب ٹریفک کی صورتحال سے باخبر بھی رکھے۔ یہ اور اس طرح کے بہت سے جدید فیچرز والی گاڑی کی توقع عوام ایپل کی آنے والی کار سے لگائے بیٹھے ہیں۔
گزشتہ چند ماہ سے ان افواہوں یا خبروں میں کافی تیزی آتی جارہی ہے اور نئی خبروں کے مطابق، ایپل2024 تک کوریا کی معروف کمپنی ہونڈائی کے اشتراک سے نئی الیکٹرک گاڑی تیار کرنے جارہا ہے۔ اس مقصد کے لئے3.6 بلین ڈالرز کی خطیر رقم کا بجٹ بھی منظور کر لیا گیا ہے۔ لیکن اب تک دونوں کمپنیز کی جانب سے کسی قسم کی مستند معلومات میڈیا کو مہّیا نہیں کی گئی ہیں۔
ایک اطلاع کے مطابق ایپل کے تجزیہ کار منگ چی کیو کا خیال ہے کہ ایپل کی پہلی کار 2025 تک آجائے گی۔ البتہ ٹیکنالوجی کے شائیقین افراد ان خبروں کے آتے ہی کار کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع کرچکے ہیں۔