کراچی سے گرفتار دہشتگرد افغان حساس ادارے کے افسر نکلے

  • February 9, 2021, 11:08 am
  • Breaking News
  • 362 Views

کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے دہشتگرد افغان حساس ادارے ، اور سیکیورٹی فورسز کے سابق اہلکار ، دہشتگردوں سے حاصل کی گئی معلومات کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کو حساس ادارے کا تجربہ ہونے کے باعث مشن سونپا گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قائد کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں دہشت گردوں سے برآمد موبائلز کا فرانزک مکمل ہو گیا، جس سے نئے انکشافات سامنے آئے ہیں ۔
رپورٹس کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں افغان حساس ادارے اور سیکیورٹی ادارے کے سابق اہلکار شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایک دہشت گرد افغان حساس ادارےکا اعلیٰ افسرجب کہ دو سیکیورٹی فورسز کے سابق اہلکار ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان کو انٹیلی جنس اور آپریشن کا خاص تجربہ ہونے کے باعث دہشت گرد گروہ میں بھرتی کیا گیا تھا۔
بتایاگیا ہے کہ یہ تمام دہشت گردبظاہر افغان فورسز چھوڑ کر بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیےکام کررہے تھے۔

دہشت گردوں کی جانب سے سندھ اسمبلی کے علاوہ ایک اورحساس عمارت پر دوبارہ حملےکی منصوبہ بندی کی گئی جب کہ کچھ خاص شخصیات اور تنصیبات کو بھی نشانہ بنائے جانے کا ٹاسک انھیں دیا گیا تھا۔سی ٹی ڈی کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے کہ تمام گرفتار دہشت گرد عدالت کے روبرو اقبال جرم کریں کیونکہ ان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ ان دہشت گردوں سے مزید تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کےلیے خط لکھ دیاگیا ہے۔
خط ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کی جانب سے لکھا گیا ہےاور استدعا کی گئی ہے کہ جلد جےآئی ٹی قائم کردی جائے۔ واضح رہے کہ شاہ لطیف ٹاؤن سے گرفتار دہشتگردوں نے انکشاف کیا تھا کہ دہشتگردوں کا ہدف سندھ اسمبلی تھی۔ دہشتگردوں نے انکشاف کیا کہ سندھ اسمبلی کے بعد اہم مقامات کو ٹارگٹ کرنا تھا،تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ بارود سے بھرا رکشہ اور خودکش جیکٹس تیار کی گئی ہیں۔
دہشتگردوں کا موبائل فون اور کمیونیکشن ڈیٹا بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔دہشگتردوں کے گروپ کو افغانستان سے آپریٹ کیا جا رہا تھا۔ شاہ لطیف ٹاؤن سے گرفتار افغان شہری ہیں۔ سی ٹی ڈی حساس ادارے دہشتگردوں سے مسلسل تفتیش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے چھاپہ مارا تھا ۔
جہاں سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ سے 1دہشت گرد ہلاک جبکہ غیر ملکیوں سمیت 5اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے آپریشن کے بعد موقع پر موجود میڈیا سے گفتگو کے دوران آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 6 دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر مکان پر چھاپہ مارا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 1دہشت گرد ہلاک ہو گیا جبکہ 5 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ۔