کراچی: دہشت گردوں کے موبائلز کا فرانزک مکمل، نئے انکشافات
- February 10, 2021, 11:11 am
- Breaking News
- 248 Views
کراچی: شہر قائد کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں دہشت گردوں سے برآمد موبائلز کا فرانزک مکمل ہو گیا، جس سے نئے انکشافات سامنے آ گئے۔
تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن سے گرفتار دہشت گردوں کے بارے میں مزید انکشافات سامنے آ گئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا رابطہ افغانستان کے صوبے قندھار سے براہ راست تھا۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کا ہینڈلر انھیں براہ راست قندھار سے ہدایات دے رہا تھا، گرفتار 3 دہشت گردوں کا تعلق قندھار، ایک کا ننگرہار سے ہے، دہشت گردوں کے موبائل سے سندھ اسمبلی کی ریکی کی ویڈیو بھی مل گئی، جو حال ہی میں کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا ہدف سندھ اسمبلی تھا، لیکن سیشن نہ ہونے پر حملہ نہ ہو سکا، سندھ اسمبلی کے گیٹ پر رکشے سے دہشت گرد نے خود کش دھماکا کرنا تھا۔
پلان کے مطابق 2 خود کش حملہ آور گیٹ پر دھماکے کے بعد اندر داخل ہوتے، دہشت گردوں نے اپنے مقصد کی تکمیل کے لیے کلاشنکوفیں بھی اپنے پاس رکھی ہوئی تھیں۔
یاد رہے کہ آج صبح انسداد دہشت گردی فورس اور حساس اداروں کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شاہ لطیف ٹاؤن میں موجود مکان پر چھاپا مارا گیا تھا، جس پر دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہل کاروں پر حملہ فائرنگ کی گئی۔
فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ پانچ دہشتگردوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کرلیا تھا۔