سوات: کزن کے ہاتھوں کمسن بچہ زیادتی کا شکار

  • February 9, 2021, 6:19 pm
  • National News
  • 165 Views

سوات: سوات کے علاقے بریکوٹ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے ،جہاں کمسن بچے کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

ملک میں کمسن بچے اور بچیوں کے ساتھ آئے روز زیادتی کے واقعات رونما ہونا عام خبر ہوگئی ہے، چند دن تک میڈیا اس خبر کو اپنی ہیڈ لائنز اور ویب سائٹ پر شائع کرتا ہے اسی دوران پھر کسی بچے یا بچی سے زیادتی کی دل گرفتہ خبر سننے کو ملتی ہے، مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ زینب زیادتی کیس کے ملزم کے علاوہ کوئی اور ملزم اپنے انجام کو نہیں پہنچ سکا ہے۔

اسی طرح کا ایک اور واقعہ سوات کے علاقے بریکوٹ میں پیش آیا، بریکوٹ پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملزم بچے کا چچا زاد بھائی ہے، پولیس نے متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

دوسری جانب میڈیکل رپورٹ میں بچے سے زیادتی ثابت ہوچکی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ ستائیس جنوری کو صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے بچوں سے زیادتی کے قانون میں ترمیم کا بل تیارکیا تھا، بل میں تجویز کی گئی ہے کہ بچوں سے زیادتی کے ملزم کی سزا موت یا عمر قید رکھی جائے۔


بل میں یہ بھی تجویز سامنے آئی ہے کہ عمرقید پانے والے قیدیوں کو پیرول پر رہا نہیں کیا جائے گا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے ترمیمی مسودے میں مزید کہا گیا ہے کہ بچوں سے زیادتی کے مرتکب افراد کو حکومت سزا میں معافی نہیں دے گی۔ بچوں کی غیراخلاقی ویڈیو بنانے پر 14 سال قید با مشقت اور 5 لاکھ جرمانے کی بھی تجویز ہے۔