شام میں فوج اور داعش جنگجوؤں کے درمیان گھمسان کی جھڑپ، 37 ہلاکتیں

  • February 9, 2021, 6:20 pm
  • World News
  • 191 Views

دمشق: شام میں داعش کے جنگجوؤں نے فوجی قافلے پر حملہ کردیا جس کے بعد دو طرفہ فائرنگ میں مجموعی طور پر 34 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے مشرقی صوبے دیر ایضور میں گھات لگائے داعش کے جنگجوؤں نے فوجی قافلے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 7 شامی فوج کے اہلکار اور حکومت کے حامی ملیشیا کے 19 جنگجو ہلاک ہوگئے۔

شامی فوج کی جانب سے حملے کے جواب میں کی گئی فائرنگ سے داعش کے 11 جنگجو بھی مارے گئے۔ یہ جھڑپ اُس وقت شروع ہوئی جب حکومت کی حامی فورس نے فوج کے ہمراہ داعش کے علاقے کا محاصرہ کرلیا تھا۔
کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دونوں طرف کا جانی نقصان ہوا جب کہ پورا علاقہ فائرنگ اور گولہ بارود کی آواز سے گونجتا رہا۔ اس علاقے سے مقامی آبادی پہلے ہی کیمپوں یا محفوظ مقام پر منتقل ہوچکی ہے۔

واضح رہے کہ شام کے کئی علاقوں سے حکومت نے قبضہ واگزار کرا لیا ہے تاہم اب بھی کچھ علاقوں میں داعش کے جنگجو حکومتی فورسز کے خلاف برسرپیکار ہیں۔