کئی روز بعد ٹک ٹاکر مسکان سمیت 4 افراد کے قتل کی اصل وجہ سامنے آگئی
- February 11, 2021, 11:19 am
- National News
- 1.11K Views
ٹک ٹاکر مسکان سمیت 4 افراد کے قتل کی وجہ سے سامنے آ گئی ہے۔اس کیس کی کئی روز سے تفتیش کی جا رہی تھی جس کے بعد اب چار ٹک ٹاکرز کے قتل کی اصل وجہ سامنے آ گئی ہے۔تحقیقاتی حکام کے مطابق گارڈن میں خاتون ٹک ٹاکر مسکان سمیت 4 افراد کا قتل ٹک ٹاک کی ویڈیو پر ہی ہوا۔فائرنگ کرنے والا ملزم رحمان فقیر خان مسکان کا دوست تھا۔
رحمان کا مسکان سے جھگڑا ہوا جس پر مسکان نے عامر کے ساتھ ویڈیو بنائی۔رحمان نے بدلے میں مقتول عامر کی دوسری دوست کے ساتھ ویڈیو بنا کر اپلوڈ کر دی۔جس کے بعد رحمان کی ویڈیو دیکھ کر مسکان لڑکی کے گھر پہنچی اور مبینہ طور پر جھگڑا ہوا اور لڑکی نے رحمان کو اطلاع دی۔رحمان نے مسکان اور دوستوں کو گارڈن بلایا اور چاروں کو قتل کر کے فرار ہو گیا۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ موبائل فون لوکیشن سے بھی اس کا واردات کی جگہ پر ہونا ثابت ہو گیا ہے۔واردات کے بعد رحمان فقیر خان فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔خیال رہے کہ خاتون ٹک ٹاکر مسکان سمیت چار افراد کے قتل کا مقدمہ زیر تفتیش ہے۔ تفتیش میں عندیہ ملا تھا کہ چاروں افراد کو منشیات اور جوا کے کاروبار سمیت سوشل میڈیا پر مقبولیت کی دشمنی کی وجہ سے قتل کیا گیا۔
ملزم نے گاڑی کی پچھلی جانب سے فائرنگ کی تھی، جس پر دیگر دوست اتر کر بھاگے اور گاڑی پر فائر کی جانے والی گولی مسکان کو لگی۔ فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوا۔جس کی آخری لوکیشن مظفر آباد کالونی سامنے آئی۔رحمان افغانی مسکان کو مردوں کے ساتھ گھومنے سے منع کرتا تھا جبکہ مسکان کے ہمراہ کار پر فائرنگ سے قتل کیے جانے والے عامر خان سے رحمان افغانی کا چند روز قبل جھگڑا بھی ہوا تھا تاہم بعد ازاں ان کے درمیان صلح کروا دی گئی لیکن اس میں شرط یہ رکھی گئی تھی کہ عامر مسکان سے نہیں ملے گا۔
مقتولہ ٹک ٹاکر مسکان شیخ کی اپنے کمسن بیٹے کے ہمراہ بھی ٹک ٹاک منظر عام پر آئی جس میں وہ بیٹے کو گود میں لیے ہوئے ہے۔ اس ویڈیو میں دونوں ماں بیٹے نئے سال کی مبارکباد دے رہی ہیں ایک جانب مقتولہ رقیہ عرف مسکان شیخ کی رحمان افغانی کے ساتھ دوستی کی ٹک ٹاک بنانا تو دوسری جانب اسی پر زیادتی کی کوشش کا الزام لگا کر قائد آباد تھانے میں مقدمہ درج کروانا بھی اس مقدمے کے متضاد پہلو ہیں جن پر تفتیش کی جا رہی ہے۔