وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات دوہری شہریت کے حامل نکلے

  • February 12, 2021, 11:47 am
  • Political News
  • 145 Views

: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات دوہری شہریت کے حامل نکلے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات رؤف حسن کے اثاثوں سے متعلق کابینہ ڈویژن کی جانب سے تفصیلات جاری کی گئیں جس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی اطلاعات رؤف حسن امریکی گرین کارڈ ہولڈر ہیں۔
کابینہ ڈویژن کی جاری کردہ دستیاب دستاویز کے مطابق رؤف حسن نے 96 لاکھ 51 ہزار 450 روپے نقدی ظاہر کی ۔ رؤف حسن نے بینک بیلنس 12 لاکھ 50 ہزار 177 روپے ظاہر کیا ۔فرنیچر سمیت دیگر ذاتی سامان کی مالیت 50 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ۔ خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دستاویز کے مطابق رؤف حسن گاڑی، گھر، زیورات سمیت کسی جائیداد کے مالک نہیں ہیں۔
رؤف حسن کے اثاثوں میں کوئی سرمایہ کاری ظاہر نہیں کی گئی ۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ کے مستعفی ہونے کے بعد رؤف حسن کو اس عہدے پر تقرر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل وزیر اعظم کے دو معاونین خصوصی تانیہ ایدروس اور ڈاکٹر ظفر مرزا دہری شہریت سامنے آنے پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوچکے ہیں۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے آس پاس کئی ایسے ساتھی موجود ہیں جو دوہری شہریت کے حامل ہیں، ان سب میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی ذوالفقار بخاری سر فہرست ہیں۔
گذشتہ برس وزیراعظم عمران خان کے معاونین خصوصی اور مشیروں نے اپنے اثاثے پبلک کردیے گئے تھے جن کے مطابق زلفی بخاری کے پاس پاکستان میں کوئی اثاثہ نہیں ہے، لندن میں اربوں روپے کے اثاثے ہیں۔ زلفی بخاری کی دوہری شہریت کے باوجود سرکاری عہدہ دینے پر ان کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست بھی دائر کی گئی تھی لیکن سپریم کورٹ کی جانب سے درخواست کو مسترد کرتے ہوئے زلفی بخاری کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔