بلوچستان میں سینیٹ الیکشن کی گہما گہمی، سیاسی رابطوں میں تیزی

  • February 15, 2021, 12:38 pm
  • National News
  • 321 Views

بلوچستان میں سینیٹ کے انتخابات کے لئے گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی سیاسی جماعتوں کے رابطوں میں تیزی آگئی ہے۔

سینیٹ انتخابات کے حوالے سے بلوچستان سب سے اہم صوبہ بن گیا ہے، جس کے پیش نظر یہاں سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطوں میں بھی تیزی آگئی ہے۔ گزشتہ روز بی این پی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر ملک نصیر احمد شاہوانی ، میر اکبر مینگل احمد نواز بابو رحیم و دیگر کے علاوہ بی این پی کے سینیٹ کے امیدوار ساجد ترین نے سردار یار محمد رند سے ملاقات کی اور سینیٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے سردار اختر کا پیغام بھی انہیں پہنچایا اس موقع پر رابطوں کو مزید جار ی رکھنے پر اتفاق کیا گیا، بعد ازاں سردار یار محمد رند بی این پی عوامی کے سربراہ میر اسرار اللہ زہری کی رہائش گاہ پر گئے اس موقع پر سینیٹ کے انتخابات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں رہنمائوں نے رابطوں کو مزید جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر وصوبائی پارلیمانی لیڈراصغر خان اچکزئی ، صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی سے بلوچستان عوامی پارٹی کے اعلی سطح وفد نے ملاقات کی، جس میں مجوزہ سینیٹ انتخابات بارے تفصیل سے غور ہوا، اتفاق کیا گیا کہ سینیٹ انتخاب بارے مزید مذاکرات جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے 6 رکنی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیدی پارٹی بیان میں کہا گیا ہے کہ ایچ ڈی پی کے چیئرمین وپارلیمانی لیڈر عبدالخالق ہزارہ کی سربراہی میں کمیٹی سینیٹ انتخاباات کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے و مذاکرات کرے گی۔