وزیراعلیٰ بلوچستان پی ایس ایل کا ایک میچ کوئٹہ میں کرانے کے خواہشمند
- February 19, 2021, 1:59 pm
- Sports News
- 521 Views
کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا ایک میچ کوئٹہ میں ہونا چاہیے، بلوچستان کےعوام کی خواہش ہے انٹرنیشنل کرکٹرز کو اپنے شہروں میں کھیلتا دیکھیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گوادر اسٹیڈیم میں پاکستان کپ کا انعقاد خوش آئند ہے، گوادر جیسا خوب صورت کرکٹ گراؤنڈ دنیا میں کہیں نہیں ملتا، اسٹیڈیم کو بہت جلد انٹرنیشنل معیار کا بنائیں گے۔
جام کمال خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کھیلوں بالخصوص کرکٹ میں گہری دلچسپی رکھتےہیں، طویل عرصے سے بلوچستان میں کرکٹ کے بین الاقوامی میچ کا انعقاد نہیں ہوا ، پی ایس ایل کا ایک میچ کوئٹہ میں ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام کی خواہش ہے انٹرنیشنل کرکٹرزکواپنےشہروں میں کھیلتادیکھیں، میچ کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔
خیال رہے کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا سیلیبریٹی میچ کھیلا جارہا ہے ، میچ میں شوبز شارکس اورگوادرڈولفن کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، نمائشی میچ کا نام ’’سوپر ہے پاکستان کپ‘‘ رکھا گیا ہے۔
نمائشی میچ گوادر کی ترقی اور کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا ، شوبز شارکس کی قیادت پی سی بی کے سی ای او وسیم خان کریں گے اور فخر عالم،فیصل قریشی،اعجاز اسلم اور دیگر ٹیم شامل ہیں جبکہ گوادر ڈولفن کی ٹیم میں زلفی بخاری ، علی زیدی سمیت مختلف شخصیات شامل ہیں۔