پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اورنگزیب اورکزئی پارٹی ٹکٹ سے دستبردار ہوگئے

  • February 20, 2021, 3:23 pm
  • Political News
  • 221 Views

: پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اورنگزیب اورکزئی سینیٹ میں پارٹی ٹکٹ سے دستبردار ہو گئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اورنگزیب اورکزئی نے سینٹ کے پارٹی ٹکٹ سے دستبرداری وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز اور وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم خان سواتی سے ہونے والی ملاقات کے دوران اختیار کی ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر شبلی فراز اور اعظم سواتی سینیٹر اورنگزیب اورکزئی کے گھر پہنچے اور ان سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں سینیٹر سجاد حسین، سینیٹر مرزا آفریدی اور نصیب اللہ بازئی بھی ہمراہ تھے۔ وفاقی وزرا نے سینیٹر اورنگزیب کی پارٹی کے لیے خدمات کا اعتراف کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز کا ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر اورنگزیب خان نے فراغ دلی اور جذبے سے وزیراعظم عمران خان کا فیصلہ قبول کیا۔
وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ سینیٹر اورنگزیب خان نے سینیٹ میں پاکستان تحریک انصاف کا مؤقف پرزور طریقے سے پیش کیا۔ وہ پارٹی کا اثاثہ ہیں، مستقبل میں بھی ان کی خدمات حاصل کریں گے۔ وفاقی وزیر اعظم سواتی نے کہا کہ اورنگزیب خان کے تہہ دل سے مشکور ہیں، جنہوں نے پارٹی قیادت کے فیصلے کو قبول کیا، ہم ان کی خدمات کے اعتراف میں آج یہاں آئے۔
وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے ۔ اس موقع پر سینیٹ کے پارٹی ٹکٹ سے دستبردار ہونے والے اورنگزیب خان نے کہا کہ عمران خان کا وژن ہمارے لیے قابل قدر ہے۔ یہ ضروری نہیں کہ ہر وقت ہم سینیٹر ہوں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ عمران خان کا ساتھ دیں۔ ہم محب وطن ہیں، ہر مشکل میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ رہیں گے۔