بلوچستان میں 4ماہ کے دوران 73فیصد کم بارشیں ہوئیں

  • February 25, 2021, 12:11 pm
  • Weather News
  • 338 Views

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان میں 4ماہ کے دوران 73فیصد کم بارشیں ہوئیں جسکی وجہ سے صوبے کے 12اضلاع میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ۔ محکمہ موسمیات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں اکتوبر 2020سے جنوری 2021تک 73.2فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے صوبے میں اکتوبر 2020میں منفی 100فیصد،دسمبر میں منفی 74.2،جنوری میں منفی 100فیصد بارشیں ہوئیں جبکہ ایک ماہ نومبر میں معمول کے مطابق 98.5فیصد بارش ریکار ڈ کی گئی ،رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے مغربی اور جنوبی اضلاع کا انحصار موسم سرما کی بارشوں پر ہوتاہے جہاں 71سے 231ملی میٹر تک بار ش ریکارڈ کی جاتی ہے تاہم اس گزشتہ چار ماہ کے دوران کم بارشیں ہونے کی وجہ سے صوبے کے 12اضلاع کوئٹہ، چاغی، گوادر، ہرنائی، کیچ، خاران، مستونگ، نوشکی، پشین، پنجگور ،قلات اور واشک میں درمیانے درجے کی قلت آب ہے ۔رپورٹ کے مطابق خشک سالی کے اثرات زراعت اور غلہ بانی پر پڑنے کے بھی امکانات ہیں رپورٹ میں تمام اسٹیک ہولڈر ز کو سفارش کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے پیشگی اقدامات اٹھائیں