جنوبی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا خفیہ آپریشن، کالعدم ٹی ٹی پی کا انتہائی مطلوب کمانڈر ہلاک
- February 26, 2021, 3:41 pm
- Breaking News
- 195 Views
جنوبی وزیرستان کے علاقے شرمانگئی اور طیارزہ میں سکیورٹی فورسز کے خفیہ آپریشن کے نتیجے میں کالعدم ٹی ٹی پی کا کمانڈر نورستان عرف حسن بابا ہلاک ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی پر آپریشن کیا گیا ، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم ٹی ٹی پی کا کمانڈر نورستان عرف حسن بابا ہلاک ہوگیا۔
بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والا دہشت گرد طویل عرصے سے سیکیورٹی فورسز کو مطلوب تھا ، جو کہ آئی ای ڈی کا ماہر اور دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں بھی ملوث رہا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں ہلاک ہونے والا دہشت گرد نورستان دہشت گردوں کا ماسٹر ٹرینر تھا جو کہ 2007میں50سےزائد سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت میں بھی ملوث تھا۔
چند روز قبل بھی سکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقے ملک خیل میں خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن کے نتیجے میں انتہائی مطلوب کمانڈر رحمت سمیت 2 دہشت گرد مارے گئےتھے ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن خفیہ معلومات کی بناپر گزشتہ رات شمالی وزیرستان کے علاقے ملک خیل میں کیاگیا جہاں انتہائی مطلوب کمانڈر رحمت سمیت 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ دہشت گردوں کے ساتھ ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار شہزاد رضا بھی شہید ہوگئے۔
اس سے پہلے شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرسیکیورٹی فورسزنے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گرد ہلاک کردیے تھے ، تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ایک کمپاؤنڈ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کمپاؤنڈ کا محاصرہ کیا گیا تاہم کمپاؤنڈ کے محاصرے پردہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی ، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد اغوا برائے تاوان اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے جب کہ دہشت گردوں کے ساتھ ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا اور پاک فوج کے 4 جوان زخمی بھی ہوئے، آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے ہونے والے مقابلے میں شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار امین اللہ اورسپائی شیرضامن شامل ہیں۔