سینیٹ الیکشن : شاہ زین بگٹی کا ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو ووٹ دینے کا اعلان
- March 2, 2021, 3:48 pm
- National News
- 233 Views
جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نواب شاہ زین بگٹی نے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا اور کہا حکومت کے اتحادی ہیں حکومتی امیدواروں کو سپورٹ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے حکومتی اتحادی جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نواب شاہ زین بگٹی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں شاہ زین بگٹی نے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو ووٹ دینے کا اعلان کیا۔
ملاقات کے بعد جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نواب شاہ زین بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پہلے بھی حکومت نے وعدے کئے تھے اب پھر کیے ہیں یقین کرنا پڑتا ہے، وزیراعظم سے ملاقات میں بلوچستان کے مسائل ان کے سامنے رکھے، مسائل کے حل کی پہلے بھی یقین دہانی کرائی گئی اور آج بھی کرائی گئی۔
شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ حکومت کے اتحادی ہیں حکومتی امیدواروں کو سپورٹ کریں گے، ہمارے مسائل حل نہ ہوئے تو پھر آگے کا لائحہ عمل سوچیں گے، میری ذات کی بات ہوتی تو مسئلہ نہیں تھا،بلوچستان کے عوام کی بات ہے۔
خیال رہے قومی اسمبلی کے 341ارکان کل اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ، پی ٹی آئی اور اس کے اتحادیوں کو ایوان میں 181ارکان کی حمایت جبکہ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کو 160ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
پی ٹی آئی کے157، ق لیگ کے5 ، ایم کیو ایم کے 7ارکان ، جی ڈی اے کے 3،عوامی مسلم لیگ کا ایک، بی اے پی کے5ارکان ، جمہوری وطن پارٹی کا ایک اور ایک آزاد رکن عبدالحفیظ شیخ کی حمایت کررہا ہے۔
دوسری جانب یوسف رضا گیلانی کو پیپلز پارٹی کے 55، ن لیگ کے 83 ارکان کی حمایت حاصل ہےجبکہ ایم ایم اے کے 14، اے این پی کا ایک رکن ، بی این پی کے 4 اور 3آزاد ارکان بھی یوسف رضاگیلانی کی حمایت میں ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے ایک رکن نےالیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر رکھا ہے