چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں 6 سینیٹرز ایسے ہیں جن کا کردار فیصلہ کُن ہو گا

  • March 4, 2021, 2:20 pm
  • Political News
  • 355 Views

: سینیٹ کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف ایوان بالا کی سب سے بڑی جماعت بن گئی لیکن چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں چھ سینیٹرز ایسے بھی ہیں جو فیصلہ کن ثابت ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ہونے والے سینیٹ انتخاب کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے پاس سینیٹ میں 26 نشستیں ہیں جب کہ پی پی 20 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت قرار پائی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے پاس سینیٹ میں 17 نشستیں ہیں۔ اس طرح ن لیگ ایوان بالا کی تیسری بڑی جماعت بن گئی ہے۔ دوسری جانب اس وقت سینیٹ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی 13 ، جمیعت علمائے اسلام (ف) کی 5 ، ایم کیو ایم کی 3 اور اے این پی اور نیشنل پارٹی کی دو دو نشستیں ہیں۔
سینیٹ میں ق لیگ، فنکشنل لیگ، جماعت اسلامی، میپ اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے پاس بھی ایک ایک نشستیں موجود ہیں۔

سینیٹ انتخابات کے بعد ایوان بالا میں آزاد سینیٹرز کی تعداد 6 ہو گئی ، جن میں سے چار کا تعلق سابق فاٹا سے ہے اور دو بلوچستان سے منتخب ہوئے ۔ بلوچستان اسمبلی سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پرجے یو آئی کے کامران مرتضیٰ ،بلوچستان عوامی پارٹی کے سعید ہاشمی سینیٹرمنتخب ہوئے تھے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اعداد و شمار کے تحت پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے پاس سینیٹ میں کل 49 نشتیں ہیں جب کہ پی ٹی آئی اور اس کی اتحادی جماعتوں کے پاس موجود نشستوں کی تعداد 44 ہے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ آئندہ مرحلے میں جب چئیرمین سینیٹ کا انتخاب ہو گا تو اس وقت 6 سینیٹرز فیصلہ کُن کردار ادا کریں گے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز سینیٹ انتخاب میں سینٹ کی 37 میں سے 13 نشستیں تحریک انصاف کے نام رہیں جبکہ پیپلز پارٹی نے 8 سیٹیں جیت کر سب کو حیران کردیا تھا۔