حکومت کا صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کا امیدوار بنانے کا اعلان

  • March 4, 2021, 3:04 pm
  • Political News
  • 214 Views

اسلام آباد: حکومت نے موجودہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ہی دوبارہ اسی عہدے کے لیے اپنا امیدوار برقرار رکھا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے صادق سنجرانی کو ہی دوبارہ چیئرمین سینیٹ کے لئے حکومتی امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی اوراسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے درمیان ملاقات بھی ہوئی ہے۔ جس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی سے سوال پوچھا گیا کہ سینیٹ الیکشن میں 17 اراکین اسمبلی نے وزیراعظم پر عدم اعتماد کا اظہار کیا؟، جس پر اسپیکر نے کہا کہ آپ یہ کیوں نہیں کہتے کہ ہماری خاتون امیدوار جیتی ہیں، یہ اعتماد و عدم اعتماد کی بات نہیں یہ سیاسی عمل ہے اور ایسا ہوتا رہتا ہے۔ میری ذاتی رائے ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے لیے صادق سنجرانی سے کوئی بہتر نہیں ہوسکتا۔

واضح رہے کہ یوسف رضا گیلانی کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد قوی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی ہی چیئرمین سینیٹ کے لیے پی ڈی ایم کے امیدوار ہوں گے۔ صادق سنجرانی 2018 میں چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے تھے، اپنی مدت کے دوران ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی لائی گئی لیکن اپوزیشن اکثریت میں ہونے کے باوجود وہ کامیاب نہ ہوسکی۔