کورونا کیسز میں اضافہ، تعلیمی ادارے کھولنے کے طریقہ کار پر نظرثانی کا فیصلہ
- March 9, 2021, 2:47 pm
- COVID-19
- 683 Views
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافے کے باعث اسکول دوبارہ کھولنے کے فیصلے پر نظرثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز میں حالیہ اضافے کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر آج تعلیمی اداروں کو کھولنے کے طریقوں پر نظرثانی کرے گا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور این سی او سی کے نشینل کوآرڈنیٹر لیفٹیننٹ جنرل محمود الزمان خان کے زیر صدارت کل این سی او سی کا اجلاس ہوا۔اس میں صوبائی نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبوں میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی صورتحال اور اس سے متعلق اقدامات، ویکسی نیشن پر پیشرفت اور قومی ویکسین کی حکمت عملی کے بارے میں غور کیا گیا۔
این سی او سی نے ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے مثبت کیسز کا جائزہ لیا اور صوبائی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ گراس روٹ کی سطح پر حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ لاک ڈاؤن خت کرنے کے حوالے سے اپریل کے دوسرے ہفتے نظرثانی کی جائے گی۔اس کے علاوہ اجلاس میں کورونا کیسز میں اضافہ کو مدنظر رکھتے ہوئے سینماؤں ، شادی ہالوں میں تقریبات اور ریسٹورانٹس کو دوبارہ کھولنے کے فیصلے کو واپس لینے پر غور کیا گیا۔
یاد رہے کہ 25 فروری کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا تھا کہ یکم مارچ سے تمام اسکولز ہفتے میں 5 دن کلاسز کے معمول پر واپس آجائیں گے۔ واضح رہے کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے این سی او سی آج 9 مارچ بروز منگل اسکولوں کو کھولنے کے طریقوں پر نظرثانی کرے گا۔