کسٹم نے برطانیہ سے پاکستان لائی گئی ماریجوانہ منشیات برآمد کرلی
- March 10, 2021, 4:04 pm
- National News
- 197 Views
کراچی: پاکستان کسٹمز نے شارع فیصل پر چھاپہ مار کر برطانیہ سے پاکستان پارسل میں لائی گئی منشیات ماریجوانہ برآمد کرلی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق خوشحال طبقے کے نوجوانوں میں مقبول مہنگی منشیات میریجوانہ (MARIJUANA) کی پاکستان میں ٹرانزٹ پوسٹل پارسلوں کے ذریعے منظم اسمگلنگ کا سراغ لگالیا گیا۔
ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ پوش علاقوں میں اسمگل شدہ میریجوانہ منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال اور دستیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کسٹمز حکام نے پوسٹل پارسلوں کا سرپرائز ایگزامنیشن کیا۔
اس منصوبہ بندی کے تحت پاکستان کسٹمز جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کلکٹوریٹ نے انٹرنیشنل میل آفس شارع فیصل پر کارروائی کے دوران ڈھائی لاکھ روپے مالیت کی 170 گرام میریجوانہ منشیات سے بھرے 73 سگریٹ اسٹکس برآمد کرلیے۔
ڈپٹی کلکٹر جناح ٹرمینل انعام وزیر نے اس حوالے سے بتایا کہ ٹرانزٹ پوسٹل پارسل کے ذریعے میریجوانہ منشیات پاکستان اسمگل کی جارہی تھی۔
انعام وزیر نے بتایا کہ اسمگلروں کے منظم گروہ نے برطانیہ سے جرمنی کے لیے پاکستان سے جانے والے روٹ پر میریجوانہ منشیات کا ٹرانزٹ پارسل بک کرایا تھا جس کی گڈز ڈیکلریشن میں کپڑے اور آرائشی فریم کو ظاہر کیا گیا تھا تاکہ یہ ٹرانزٹ پارسل پاکستان پہنچ کر کھل جائے اور اس پارسل میں کوئی اور شے رکھ کر منزل مقصود تک بھیجی جاسکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کسٹمز اور نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے سائنسی بنیادوں پر تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔