سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے کا الزام ، پی ٹی آئی نے 2 ارکان اسمبلی کو پارٹی سے نکال دیا
- March 11, 2021, 12:58 pm
- Political News
- 233 Views
حالیہ سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے کے الزام میں پاکستان تحریک انصاف نے 2 ارکان اسمبلی کو پارٹی سے نکال دیا۔ تفصیلات کے مطابق حکمران جماعت نے سینٹ انتخابات میں پارٹی حکمت عملی کے خلاف جانے والے 2 اراکین سندھ اسمبلی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پی ایس ون جیکب آباد 1 سے اسلم ابڑو اور پی ایس 18 گھوٹکی 1 سے شہریار شر کو پارٹی سے نکالنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ، جس کے تحت دونوں اراکین صوبائی اسمبلی کی بنیادی جماعتی رکنیت ختم کر دی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان اس ضمن میں تحریک انصاف کی ڈسپلنری کمیٹی غربی سندھ اور کراچی نے متفقہ فیصلہ جاری کیا ، جس کے تحت پارٹی قیادت کو دونوں اراکین کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رجوع کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں اراکین سندھ اسمبلی کو اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع دیا گیا تاہم واضح اور حتمی شواہد کی پڑتال اور ارکان کی طرف سے صفائی پیش نہ کیے جانے پر یہ معاملہ نمٹا دیا گیا جب کہ دونوں ارکان کے پاس کمیٹی فیصلے کے خلاف 7 روز کے اندر اپیل دائر کرنے کا حق موجود ہے۔
قبل ازیں سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کی آپس میں ہاتھا پائی کے دوران ناراض ایم پی ایز کی ٹھکائی ہوگئی ، صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے 3 باغی ارکان کریم بخش گبول ، شہریار شر اور اسلم ابڑو ایوان میں پہنچے اور حاضری لگائی ، حکومتی اراکین نے تینوں ایم پی ایز کا استقبال کیا جس پر پی ٹی آئی کے دیگر اراکین کی جانب سے شدید برہمی کا اظہار کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی میں باغی ایم پی ایز کے آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے دیگر اراکین نے شدید نعرے بازی شروع کردی ، اس دوران پی ٹی آئی اراکین کی آپس میں ہاتھا پائی بھی ہوگئی جس میں تحریک انصاف کے دیگر اراکین کی جانب سے باغی ایم پی ایز کی پٹائی کردی گئی ، پاکستان پیپلزپارٹی کے اراکین نے بیچ بچاؤ کی کوششیں کیں تاہم سب بیکار ثابت ہوئیں ، جس کی بناء پراسپیکر سندھ اسمبلی کی جانب سے ایوان میں ہلڑ بازی کے باعث اجلاس کل تک ملتوی کردیا گیا۔