رشتے سے انکار پر ٹک ٹاک اسٹار نے خود کُشی کرلی
- March 11, 2021, 1:06 pm
- National News
- 456 Views
پشاور: لڑکی والوں کی جانب سے رشتے سے انکار ہونے پر ٹک ٹاک اسٹار نے خودکُشی کرلی۔
ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق پشاور کی تحصیل تہکال سے تعلق رکنے والے 20 سالہ ٹک ٹاکر شہزاد احمد کے بھائی سجاد نے پولیس کو اس کے لاپتا ہونے کی رپورٹ درج کروائی تھی۔
مقامی پولیس کے مطابق بعدازاں سجاد نے اطلاع دی کہ دوسرے کمرے میں شہزاد نے خود کو چھت کے پنکھے کے ساتھ لٹکا لیا۔ سجاد اپنے بھائی کو اسپتال لے کر پہنچا تاہم وہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔
شہزاد کے بھائی کا کہنا ہے کہ وہ ایک لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن لڑکی کے والد نے رشتے سے انکار کردیا تھا جس کی وجہ سے وہ شدید مایوسی اور ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔
شہزاد کے ایک دوست عامر نے ایکسپریس کو بتایا کہ وہ ایک ٹک ٹاک اسٹار تھا اور ویڈیو شیئرینگ ایپ پر اس کے 3 لاکھ سے زائد فالوور ز تھے۔ دو سال قبل اسے اپنی ایک فین سے محبت ہوگئی تھی تاہم لڑکی کی عمر اس وقت محض 16 برس تھی اور اسی بنیاد پر لڑکی کے گھر والوں نے رشتے سے انکار کردیا تھا۔
عامر نے بتایا کہ لڑکی نے اس کے بعد شہزاد سے دوبارہ نہ ملنے کا کہا تھا جس پر شہزاد نے 50 نیند کی گولیاں کھا کر خود کُشی کرنے کی کوشش کی تھی مگر اس کی جان بچ گئی تھی۔ اس واقعے کے بعد شہزاد کا اس لڑکی سے دوبارہ رابطہ ہوگیا۔
ٹک ٹاکر کے دوست کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل دوبارہ اُسی لڑکی کو شادی کا پیغام بھیجا اور اس بار پھر انکار ہوگیا۔ لڑکی کے گھر والوں نے یہ اعتراض بھی کیا تھا کہ شہزاد اپنا سارا وقت ٹک ٹاک پر گزارتا ہے۔ اس اعتراض پر شہزاد نے اپنے تین لاکھ فالوورز والا اکاؤنٹ بھی ڈیلیٹ کردیا تھا لیکن اس کے باوجود لڑکی کے گھر والے رشتے کے لیے نہیں مانے۔
عامر کا کہنا تھا کہ جب اس کا دوست شہزاد اس لڑکی کو مہنگے تحفے دیتا تھا تو اس کے گھر والوں نے کوئی اعتراض نہیں کیا تاہم جب دونوں کا ایک دوسرے کی جانب رجحان ہوا تو گھر والوں نے رشتے سے انکار کردیا۔ عامر نے مزید بتایا کہ شہزاد ایک آن لائن اسٹور میں اس کا پارٹنر تھا جس سے انہیں اچھی آمدن ہوتی تھی۔