ٹی ایل پی پر پابندی سے متعلق سعد رضوی کو مطلع کر دیا گیا
- April 17, 2021, 2:27 pm
- National News
- 363 Views
تحریک لبیک پاکستان پر پابندی سے متعلق سعد رضوی کو مطلع کر دیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کو ان کی جماعت پر پابندی کئے جانے سے متعلق باضابطہ طور پر مطلع کر دیا گیا ہے۔اس ضمن میں مطلوبہ قانونی تقاضے کی تکمیل کے لیے وزارت داخلہ نے تحریری نوٹس انہیں فراہم کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کو نوٹس جیل میں دیا گیا ہے۔کسی بھی جماعت پر پابندی کرنے کے فیصلے کے تین دن کے اندر مذکورہ جماعت کے سربراہ کو اس کی تحریری اطلاع دینا لازمی ہوتی ہے۔خیال رہے کہ مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں مظاہروں اور احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا جس میں جلاؤ گھیراؤ بھی ہوا اور ملکی املاک کو نقصان بھی پہنچایا گیا۔
نیشنل کاؤنٹر ٹرارزم اتھارٹی (نیکٹا) اور محکمہ داخلہ کی رپورٹ میں بھی کہا گیا کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے حکومتی رٹ تباہ کردی ہے۔ جبکہ حکومت کے چھ کے قریب اداروں نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔ ٹی ایل پی کے حالیہ احتجاج کے نتیجے میں نیکٹا، محکمہ داخلہ پنجاب، اسپیشل برانچ پولیس، انٹیلی جنس بیورو اور وزارت داخلہ اور خارجہ امور نے ٹی ایل پی کو دہشت گردی کا نیا دور قرار دیتے ہوئے اسے سیاسی تشدد اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ یہ اب حکومتی رٹ کو تباہ کررہی ہے۔
یاد رہے کہ کہ گذشتہ روز حکومت پاکستان نے مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کا اعلان وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کرنے کی سمری کی منظوری دی جبکہ وفاقی کابینہ نے بھی ٹی ایل پی پر پابندی عائد کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی