مہنگائی کی وجہ سے رات کو نیند نہیں آتی، وزیراعظم عمران خان

  • May 31, 2021, 11:33 am
  • National News
  • 69 Views

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لوگوں کی دو مشکلات مہنگائی اور بیروزگاری ہیں ، مہنگائی کی وجہ سے رات کو نیند نہیں آتی ہے۔اتوار کو عوام کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جو قوم اپنے لوگوں کا خیال نہ رکھ سکے وہ مہذب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جتنی پیداوار بڑھے گی اتنی مہنگائی میں کمی واقع ہو گی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ زرعی پیدوار میں اضافے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی پیدوار 10 فیصد ہی بڑھا دیں تو آٹے کی قیمت میں کمی آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 40 لاکھ ٹن گندم باہر سے لینی پڑی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ باہر گندم مہنگی ہو تو یہ ہوہی نہیں سکتا کہ ملک میں گندم سستی ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں جون 20 سے لے کر مئی 21 تک تیل کی قیمت میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اگر ملک میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرتے تو ہر چیز مہنگی ہوجاتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 11.88 فیصد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دنیا میں گھی کی قیمت میں 70 فیصد اضافہ ہوا لیکن ہم نے صرف 27 فیصد اضافہ کیا۔