تمام ماحولیاتی نمونہ جات منفی آنے کے بعد لاہور شہر پولیو فری قرار

  • May 31, 2021, 1:39 pm
  • National News
  • 129 Views

لاہور: پولیو کے تمام ماحولیاتی نمونہ جات منفی آنے کے بعد لاہور کو پولیو فری قرار دے دیا گیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق لاہور کے شہریوں کے لئے بڑی خوشخبری ہے کہ پولیو کے تمام ماحولیاتی نمونہ جات نیگٹو آ گئے ہیں، اور شہر کو پولیو فری قرار دے دیا ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض نے بتایا کہ کہ اس ماہ کے پولیو کے تمام ماحولیاتی نمونہ جات منفی آئے ہیں، اس سے قبل بھی بھیجے گئے ماحولیاتی نمونہ جات نیگٹو آئے تھے، ماحولیاتی نمونہ جات کا نیگٹو ہونا پولیو مہم کی ایک بہت بڑی کامیابی کی طرف اشارہ ہے۔

مدثر ریاض نے بتایا کہ گزشتہ کئی سالوں سے لاہور میں پولیو کے ماحولیاتی نمونہ جات مثبت آرہے تھے، لیکن گزشتہ چار ماہ کے دورانیہ میں پولیو کے تمام تر ماحولیاتی نمونہ جات نیگٹو آئے ہیں، یہ لاہور کے شہریوں کے لئے بہت بڑی خوشخبری ہے کہ لاہور شہر پولیو سے پاک ہے۔
ڈی سی لاہور نے کہا کہ شہر کو پولیو سے پاک کرنے کے عزم کو برقرار رکھنا ہے، عوام کو پولیو ورکرز ٹیموں کے ساتھ تعاون کو یقینی بنانا ہوگا، ہم نے آئندہ بھی پولیو مہم کو اسی لگن اور ایمانداری کے ساتھ جاری رکھنا ہے۔