حکومت کا بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو بڑا ریلیف دینے کا اعلان

  • June 1, 2021, 1:16 pm
  • Business News
  • 152 Views

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو بڑا ریلیف ملے گا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اور اسی شرح سے قوت خرید بھی بڑھ گئی ہے۔ملک میں قوت خرید میں اضافہ خوش آئند بات ہے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے اگلے 2 سال وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک منزل کے قریب ہو گا۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اچھی خبروں کا سلسلہ جاری ہے۔ کویت نے دس سال بعد پاکستان کیلئے ورک ویزا کا اجراء شروع کر دیا ہے.کورونا فرنٹ پر پاکستان کی ریکوری نے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔بھارت سمیت خطے کیلے ممالک اس موذی مرض سے نبرد آزما ہیں ہمارے ہاں کراچی کے علاوہ تمام ملک میں کورونا کی شرح 4% سے بھی کم ہو گئی ہے۔

۔
دوسری جانب سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کی تجویز پیش کی گئی۔آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کی تجویز زیر غور ہے تاہم تنخواہوں اور پنشن کمیشن کا اجلاس آج پیر کو طلب کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق کمیشن کی چئیرپرسن نرگس سیٹھی کی زیر صدارت اجلاس میں مختلف سفارشات کو زیر غور لایا جائے گا جن کو حتمی منظوری کے لیے وزارت خزانہ کو پیش کیا جائے گا۔
پے اینڈ پنشن کمیشن سرکاری ملازمین کی تنخواہوں و پنشن سسٹم کی اصلاحات کے لیے قلیل المعیاد ، درمیانی مدت اور طویل المعیاد پلان بھی تیار کر رہا ہے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں25 فیصد اسپیشل الاؤنس بڑھانے کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزراء راجا بشارت، میاں اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت، سید حسین جہانیاں گردیزی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، فنانس سیکرٹری ودیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں تنخواہ کے علاوہ دیگر الاؤنسز سے محروم سرکاری ملازمین کیلئے اسپیشل الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کو تجویز پیش کی گئی کہ سرکاری ملازمین کو 10 سے 15 فیصد خصوصی الاؤنس دیا جائے۔