جمعہ کی چھٹی بحال کرنے کی قرارداد متفقہ طور پرمنظور کرلی گئی
- June 2, 2021, 10:02 am
- National News
- 121 Views
جمعہ کی چھٹی بحال کرنے کی قرارداد متفقہ طور پرمنظور کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کی اسمبلی نے جمعہ کو چھٹی کی بحالی کی قرارداد متفقہ طور پرمنظور کرلی ، صوبائی اسمبلی میں ایم پی اے حمیرا خاتون کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں اتوار کے بجائے جمعہ کے دن ہفتہ وار سرکاری چھٹی کو بحال کیا جائے کیوں کہ اتوار کی چھٹی کی وجہ سے بازاروں ، مارکیٹوں اور نجی اداروں میں 2 دن تعطیل ہوتی ہے جب کہ 2 چھٹیوں کی وجہ سے کاروبار ، معیشت اور سرکاری امور سست روی کا شکار ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے گزشتہ برس امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے بھی اتوار کے بجائے جمعہ کو ہفتہ وار تعطیل کرنے کی قرارداد پیش کی تاہم چیئرمین سینیٹ نے قرارداد کا معاملہ ایڈوائزری کمیٹی کے سپرد کردیا اور کمیٹی میں بحث کے بعد ایوان میں لانے کا فیصلہ کیا۔
سراج الحق نے قرارداد پیش کی کہ اتوار کے بجائے جمعہ کو ہفتہ وار تعطیل کا اعلان کیا جائے ، جس پر وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا اسلام میں تو چھٹی کا کوئی تصور نہیں نوازشریف دور میں معاشی نقطہ نظر کے تحت اتوار کو چھٹی کا فیصلہ کیا گیا تھا ، کیوں کہ زیادہ ترممالک میں اتوار کو چھٹی ہوتی ہے اگر جمعہ کو چھٹی کرتے ہیں تو جمعہ، ہفتہ، اتوار معاشی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔
اس کے جواب میں سراج الحق نے کہا اتوار کی چھٹی سے ہماری معیشت کیا بہتر ہوئی؟ اکثر مسلم ممالک میں جمعہ کو چھٹی ہوتی ہے ، سینیٹر جاوید عباسی نے کہا جمعہ کی نماز پڑھ کر رزق تلاش کرنے کا کہا گیا ہے جب کہ اسلام میں کوئی پابندی کا تصور نہیں ہے ، جاوید عباسی نے کہا دنیا کے کاروبار ہفتے اور اتوار کو بند ہوتے ہیں۔