بلوچستان میں اونٹوں پر لدی کروڑوں روپے مالیت کی چرس برآمد

  • June 4, 2021, 12:13 pm
  • National News
  • 217 Views

بلوچستان میں پاکستان کوسٹ گارڈز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 1580 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس قبضے میں کرلی۔

ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کے مطابق خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ بلوچستان کے علاقے پسنی سے منشیات اسمگل ہونے کا خدشہ ہے جس پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈزنے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقے میں چیکنگ مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کیے۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ رات موبائل گشت کے دوران شیری شیپ کے علاقے میں ایک مشکوک نقل و حرکت کاتعاقب کیا گیا،موبائل گشت کو دیکھ کر اسمگلرز رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اونٹوں کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
ترجمان نے بتایا کہ 9 لد ھے اونٹوں کی تلاشی کے دوران1580 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآ مدکرلی گئی، خدشہ ہے کہ یہ منشیات بیرون ملک اسمگل ہونا تھی۔

ترجمان کے مطابق پکڑی جانے والی منشیات کی مالیت انٹرنیشنل مارکیٹ میں تقریبا 5کروڑ21لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے۔برآمد شدہ منشیات کو تحویل میں لیکرمزیدتفتیش جاری ہے۔