ٹرین حادثے کا ذمہ دار قرار دیئے جانے پر خواجہ سعد رفیق کا ردعمل آگیا

  • June 7, 2021, 6:47 pm
  • National News
  • 140 Views

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی جانب سے ڈہرکی ٹرین حادثے کا ذمہ دار قرار دیے جانے پر سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا ردعمل آگیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا افسوس ہے کہ وزیرداخلہ اور وزیراطلاعات نے مجھ پر الزامات عائد کیے ، الزام تراشی کی بجائے اپنی کارکردگی بتائیں ، حقیقت یہ ہے کہ ایم ایل ون پر حکومت مکمل ناکام ہوگئی ، کیوں کہ سارے کام ہم کرگئے تھے ، ابتدائی ڈیزائن بھی ہم بنا گئے تھے ، تھرڈ پارٹی انسپکشن کے لیے غیرملکی فرم سے تقرری بھی ہوگئی ہے لیکن موجودہ حکومت نے ایم ایل ون کی منظوری میں 3 سال تاخیر کی ، حالاں کہ ایکنک سے منظوری کوئی مشکل کام نہیں ہے ، کوئی حکومت 3 سال کے بعد گزشتہ دور پر ذمہ داری نہیں ڈال سکتی ، حکومت نیب کے ذریعے انکوائریوں کے بجائے کام کرے ، آپ نے استعفے مانگتے تھے ، ہم ایسی بات نہیں کریں گے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء نے کہا کہ حکومت نے ریلوے کا بیڑہ غرق کردیا ، سابق وزیر ریلوے نے تباہی مچا دی ، ریلوے پر سفر کرنے والے لوگوں کی زندگیوں سے نہ کھلیں بلکہ سابق وزیرریلوے ترقیاتی بجٹ سامنے لائیں ، کیوں کہ جب ریلوے کو فنڈ نہیں دے رہے تو کارکردگی کیسے بہتر ہوگی۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ٹرین حادثے کا ذمہ دار خواجہ سعدرفیق کو قرار دیا تھا ، انہوں نے کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق کے گناہ پر اعظم سواتی استعفی دے دیں یہ بے تکی بات ہے ، پچھلی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، یہ لوگ اتنے سال حکمران رہے، کیا کرتے رہے؟۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیر کیا کرسکتا ہے؟ وزیر خامیاں اور اس کا حل بتاتا ہے ، وزیر کی ہدایت پر عمل درآمد کے بعد حادثہ ہوگا تو وہ ذمہ دار بھی ہوگا ، خواجہ سعد رفیق کے گناہ پر اعظم سواتی استعفی دے دیں یہ بے تکی بات ہے ، کیوں کہ پچھلی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا ہے، یہ لوگ اتنے سال حکمران رہے، اس دوران کیا کرتے رہے؟ ایم ایل ون کا منصوبہ مکمل ہوگا تب ہی حادثات میں کمی آئے گی۔