پاکستان کا افغانستان کے لیے کرونا سے متعلقہ آلات اور سامان کا تحفہ
- June 16, 2021, 9:52 pm
- COVID-19
- 85 Views
اسلام آباد: پاکستان نے پڑوسی ملک افغانستان کے لیے کرونا سے متعلقہ آلات اور سامان کا تحفہ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں بدھ کو پاکستان کی جانب سے افغانستان کے لیے کرونا وبا سے متعلقہ آلات اور سامان حوالگی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈاکٹر فیصل سلطان، افغان سفیر نجیب اللہ علی خیل، وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی افغانستان محمد صادق شریک ہوئے۔
معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ امدادی سامان افغان قوم کے لیے پاکستانی قوم کا تحفہ ہے، امدادی سامان میں پی پی ایز اور آکسیجن گیس سلنڈرز شامل ہیں۔
انھوں نے کہا پاکستان اس مشکل گھڑی میں افغانستان سے تعاون جاری رکھے گا، کرونا وبا نے مختلف خطوں کے ممالک کو آپس میں جوڑ دیا ہے، پاکستان افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔
افغانستان کے سفیر نجیب اللہ علی خیل نے تقریب سے خطاب میں کہا ہم کرونا کے خلاف تعاون پر حکومت پاکستان اور قوم کے مشکور ہیں، کرونا وبا اس خطے سمیت دنیا بھر کے لیے بڑا چیلنج ہے، وبا نے دنیا بھر کے نظام صحت اور معیشتوں کو شدید متاثر کیا۔
افغان سفیر نے کہا کرونا کے خلاف افغانستان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، افغانستان میں کرونا مریضوں کے لیے آکسیجن سلنڈرز، گیس، اور طبی آلات کی کمی ہے، اس لیے ہم پاکستان کی جانب سے اس تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔