اسلام آباد، مری، پشاور، سوات، مظفرآباد سمیت ملک کا پورا شمالی ریجن لرز گیا
- June 17, 2021, 8:51 pm
- Breaking News
- 147 Views
اسلام آباد، مری، پشاور، سوات، مظفرآباد سمیت ملک کا پورا شمالی ریجن لرز گیا، زلزلے کی شدت، گہرائی اور مرکز کے حوالے سے تفصیلات جاری کر دی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شام کو ملک کے شمالی علاقے شدید زلزلے سے بری طرح لرز گئے۔ بتایا گیا ہے کہ ملک کے شمالی ریجن کے تقریباً تمام ہی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختوںخواہ اور آزاد کشمیر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد لوگ خوف و ہراس کا شکار ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ اس دوران لوگ مسلسل باآواز بلند کلمہ طیبہ اور اللہ اکبر اللہ اکبر کا ورد کرتے رہے۔
بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے جھٹکوں کی شدت اسلام آباد، سوات، بٹگرام، پشاور، مظفرآباد، منگلا، مری، نیلم ویلی اور دیگر میں زیادہ محسوس کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4 عشاریہ 4 تھی، گہرائی 20 کلومیٹر جبکہ مرکز مینگورہ سے 25 کلومیٹر دور شمال مشرق کا علاقہ تھا۔ ماہرین کے مطابق گہرائی کم ہونے کی وجہ سے زلزلے کے جھٹکوں کی شدت زیادہ محسوس کی گئی۔ جبکہ تاحال زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران پاکستان مسلسل زلزلوں کی زد میں ہیں۔
خاص کر خیبرپختوںخوا کا سوات ریجن آئے روز زلزلوں کی زد میں رہتا ہے۔ تاہم اب ایک ساتھ ملک کے کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکوں نے لوگوں کو خوف میں مبتلا کر دیا۔ اس سے قبل رواں سال فروری میں بھی ملک بھر میں شدید زلزلہ آیا تھا، جس کی شدت 6 سے زائد ریکارڈ کی گئی تھی۔ فروری میں آنے والے زلزلے کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے تھے، تاہم اللہ کے فضل و کرم سے اس زلزلے کے نتیجے میں کسی قسم کی تباہی نہیں مچی تھی۔