سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کو برین ہیمرج، گر کر شدید زخمی ہو گئے
- June 18, 2021, 5:41 pm
- Breaking News
- 507 Views
سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کی حالت برین ہیمرج کے بعد تشویشناک ہو گئی۔اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق پشتون قوم پرست جماعت پشتونخوا ملی عوامی کے سینئر رہنما سابق سینیٹر عثمان خان کاکڑ برین ہیمرج کے حملے کے بعد گر کر زخمی ہو گئے ہیں۔پارٹی رہنما سابق صوبائی وزیرعبدالرحیم زیارتوال کے مطابق جمعرات کو عثمان کاکڑ کوئٹہ میں واقع اپنے گھر میں تھے جب ان کی دماغ کی شریان پھٹ گئی۔
برین ہیمرج کے اس حملے کے بعد وہ خود کو نہ سنبھال سکے اور گر کر زخمی ہوگئے،انہیں فوری طور پر کوئٹہ کے علاقے پشین سٹاپ میں واقع نجی اسپتال اور پھر کوئٹہ کے معروف نیورو سرجن ڈاکٹر نقیب اللہ کے کلینک لے جایا گیا۔پارٹی رہنما کے بعد آپریشن کے بعد عثمان کاکڑ کو سٹی انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔
عبدالرحیم زیاتوال کے مطابق پارٹی کے سینئر رہنما کی حالت بدستور تشویشناک ہے،وہ کومہ میں ہیں اور آپریشن کے بعد صرف ایک بار پاؤں کو حرکت دی ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عثمان کاکڑ سابق سینٹر موٹر کار ایکسیڈنٹ میں زخمی ہوا ہے۔ آپریشن کے بعد جسمانی نقصان کا پورا پتہ چل سکے گا۔انہوں نے کہا کہ یا ﷲ عثمان بھائی کو ہر قسم کی تکلیف جسمانی معذوری سے بچا اور جلد صحتیاب کریں۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ سے تعلق رکھنے والے عثمان کاکڑ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اور صوبائی صدر ہیں۔2018ء میں مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کے اتحاد سے سینیٹ کے ڈپٹی چئیرمین کے عہدے کا الیکشن لڑا تاہم کامیاب نہ ہوئے۔