کوئٹہ میں عبدالستار ایدھی کا قد آور مجسمہ نصب
- June 18, 2021, 7:45 pm
- Featured
- 237 Views
کوئٹہ شہر کے وسطی علاقے میں ممتاز سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کا قدر آور مجسمہ نصب کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ شہر میں عبدالستار ایدھی کا مجسمہ انہی کے نام سے منسوب چوک پر نصب کیا گیا ہے، عبدالستار ایدھی کا مجسمہ معروف آرٹسٹ اور مجسمہ ساز اسحاق لہڑی نے تیار کیا۔
عبدالستار ایدھی کا مجسمہ پیپلز پرائمری ہیلتھ کیئر انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے نصب کیا گیا۔
اسحاق لہڑی کا کہنا تھا کہ ایدھی صاحب کی گراں قدر سماجی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرنا چاہتا تھا۔
پی پی ایچ آئی انتظامیہ کے مطابق مجسمے کا مقصد عبدالستار ایدھی کو گراں قدر سماجی خدمات پر خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل بلوچستان کے شہر زیارت میں قائد اعظم ریزیڈنسی کے ساتھ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا مکمل اور قد آور مجسمہ تیار کرکے نصب کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سماجی رہنما عبدالستار ایدھی نے اپنا پہلا کلینک 1951 میں کھولا تھا اور ایدھی فاؤنڈیشن پاکستان کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم بن گئی۔
عبدالستار ایدھی 2016 میں طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے تھے۔