راولپنڈی کے تمام ویکسی نیشن سینٹر پر کورونا ویکسین ختم،شہری شدید پریشان

  • June 18, 2021, 7:49 pm
  • COVID-19
  • 125 Views

لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں کورونا ویکسین ختم ہونے کے بعد راولپنڈی میں بھی ویکسین مکمل طور پر ختم ہوگئی۔

راولپنڈی کے 26 ویکسی نیشن سینٹرز پر کورونا ویکسین ختم ہوگئی، فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی، شہباز شریف اسپورٹس کمپلیکس سمیت دیگر بڑے ویکسی نیشن سینٹرز کے داخلی دروازوں پر ویکسین ختم ہونے کے بورڈز آویزاں کردیے گئے ۔ویکسین ختم ہونے سے شہری شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کو 1166 سے پیغامات موصول ہورہے ہیں کہ قریبی سینٹر سے جاکر ویکسین لگوائیں لیکن شہر کے تمام ویکسی نیشن سینٹرز پر ویکسین ختم ہوچکی ہے۔
سب سے زیادہ پریشانی ویکسین کی دوسری خوراک لگانے والے شہریوں کو ہےجن کا کہنا ہے کہ دوسری خوراک کی تاریخ گزرچکی ہے اب سمجھ نہیں آرہی کہ دوسری خوراک کب ملے گی۔شہباز شریف اسپورٹس کمپلیکس ویکسی نیشن سینٹرز پر تعینات عملہ شہریوں کو اعلانات کرکے ویکسین ختم ہونے کے بارے میں آگاہ کررہا ہے۔

محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ویکسین این سی او سی کی جانب سے جاری کی جاتی ہے، جیسے ہی موصول ہوگی دوبارہ سے ویکسی نیشن شروع کردیں گے،ابھی یہ نہیں بتا سکتے کہ کب تک کورونا ویکسین مل جائے گی۔