بلوچستان اسمبلی کے 16 اپوزیشن ارکان نے گرفتاری دے دی
- June 21, 2021, 5:11 pm
- Political News
- 260 Views
بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈوکیٹ سمیت 16 اراکین نے گرفتاری دےدی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ پولیس نے بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن اركان كے خلاف 17 مختلف دفعات كے تحت مقدمہ درج كیا تھا، اور ایف آئی آر میں تحریر کیا گیا کہ اپوزیشن اركان نے پولیس اہلکاروں سے جھگڑا كیا، اور انہیں جان سے مارنے كی دھمكیاں دیں۔
دوسری جانب گزشتہ روز ایف آئی آر درج ہونے کے بعد اپوزیشن ارکان نے مشاورت کی اور آج اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈوکیٹ سمیت 16 اراکین اسمبلی نے گرفتاری دے دی۔ انسپكٹر محمد ناصر كی مدعیت میں بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سكندر خان ایڈوكیٹ، احمد نواز، اخترحسین لانگو، ثناء بلوچ، شكیلہ دہوار، واحد صدیقی، حمل كلمتی، عزیز اللہ آغا، نصیر شاہوانی، نصر اللہ زہری، زابد ریكی، اكبر مینگل، اصغر ترین، حاجی نواز كاكڑ، مكھی شام لعل، بابو رحیم مینگل اورمولوی نور اللہ كے خلاف مقدمہ درج كیا گیا تھا۔
پس منظر
واضح رہے کہ 18 جون کو بلوچستان اسمبلی میں صوبے کا بجٹ پیش کیا جانا تھا، تاہم اسمبلی کے اپوزیشن اراکین نے بجٹ میں نظرانداز کرنے کے خلاف احتجاج شروع کردیا اور ایوان کے داخلی دروازے پر تالے لگا دیئے۔ اپوزیشن اراکین کا کہنا تھا کہ جب تک ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے ہم بجٹ پیش نہیں ہونے دیں گے۔ صورتحال پر قابو پانے اور اسمبلی کے دروازے کھلوانے کے لیے انتظامیہ نے پولیس طلب کرلی تو اپوزیشن اراکین نے اسمبلی کا گھیراؤ کرلیا۔
بعدازاں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور بکتر بند گاڑی کی ٹکر اسمبلی کا دروازہ توڑ دیا گیا۔ بکتر بند کی زد میں آکر اپوزیشن کے 3 ارکان اسمبلی بھی زخمی ہوگئے، اور دھکم پیل کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان کو بھی گملہ لگ گیا۔