این سی اوسی کا کاروباری سرگرمیاں رات 10بجے تک کرنے کا فیصلہ
- June 28, 2021, 7:03 pm
- COVID-19
- 204 Views
این سی اوسی نے ملک بھر میں کاروباری سرگرمیاں رات 10بجے تک کرنے کا فیصلہ کرلیا، دکانیں مارکیٹیں رات 10بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی، آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت، ان ڈور ڈائننگ کی سہولت ویکسی نیشن سے مشروط ہوگی،ہوٹلز، ریسٹورانٹ انتظامیہ ، ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کرنے کا لائحہ عمل بنائے، نئی پابندیوں کا اطلاق یکم جولائی سے 31جولائی تک ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی اوسی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کورونا کی صورتحال اور این پی آئیز کا جائزہ لیا گیا۔اعلامیہ اجلاس میں کہا گیا کہ این سی اوسی نے کاروباری مراکز کی ٹائمنگ رات 10بجے تک کرنے کا فیصلہ کرلیا، دکانیں مارکیٹیں رات 10 بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت ہوگی۔
آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت اور ان ڈور 50 فیصد ڈائننگ کی اجازت دے دی گئی، ان ڈور ڈائننگ کی سہولت ویکسین لگوانے والے افراد ہی حاصل کرسکیں گے،ہوٹلز، ریسٹورانٹ انتظامیہ ملازمین کی ویکسی نیشن کی پابند ہوگی، ہوٹلز، ریسٹورانٹ انتظامیہ ، ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کرنے کا لائحہ عمل بنائے۔
ٹیک اوے کی سہولت 24 گھنٹے ہفتے کے سات دن دستیاب ہوگی، شادی کی تقریب میں آؤٹ ڈورمیں گنجائش کے تحت 400 افراد کے شرکت کی اجازت ہوگی۔ان ڈور شادی کی تقریب میں 200 افراد شریک ہوسکیں گے۔این سی اوسی کی نئی پابندیوں کا اطلاق یکم جولائی سے 31 جولائی تک ہوگا،نئی پابندیوں سے متعلق صورتحال کا جائزہ اجلاس 27 جولائی کو ہوگا۔دوسری جانب وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں صوبے بھر میں مزارات، انڈور جمز، سوئمنگ پول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ منگل کو این سی او سی جو فیصلہ کریگی وہ سندھ حکومت بھی کھول دے گی لیکن صوبے میں کورونا سے اموات کی شرح ابھی بھی کم نہیں ہو رہیں۔اجلاس میں صوبائی وزرا ڈاکٹر عذرا پیچوہو، سید ناصر شاہ، سعید غنی، مشیر قانون مرتضی وہاب، قاسم سومرو، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ۔ پرنسپل سیکریٹری، کمشنر کراچی سیکریٹری اسکول ایجوکیشن احمد بخش ناریجو، اسپیشل سیکریٹری ریاض الدین شیخ، سیکریٹری فنانس آصف جہانگیر، ڈبلیو ایچ او کی ڈاکٹر سارہ، ڈاکٹر قیصر، کور فائیو، رینجرز اور دیگر اداروں کے نمائندہ شریک ہوئے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ صوبے میں کورونا کی شرح 3.7 فیصد ہے، کل شام تک 14 ہزار 52 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 521 نئے کیسز سامنے آئے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آئندہ روز این سی او سی میں ہونے والے فیصلوں پر عمل کریں گے۔کراچی میں کیسز کی شرح 7.54 ہے جو 25 جون کو 10.47 فیصد تھی، کراچی میں گزشتہ 7 دن میں شرقی میں 15 فیصد کیسز سامنے آئے، نئے کیسز کی شرح جنوبی اور غربی میں 9 ، ملیر میں 8، سینٹرل میں 7 فیصد ہے۔
گزشتہ 30 دن میں 368 اموات ہوئیں جن میں 208 یعنی 56 فیصد اسپتالوں میں ہوئیں، کوروناسے انتقال کرنے والوں میں 83 مریض یعنی 23 فیصد وینٹی لیٹرز پر تھے، کورونا کے 77 یعنی 21 فیصد مریض گھروں میں انتقال کرگئے۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اموات کی شرح ابھی بھی کم نہیں ہو رہیں۔سندھ کو ابتک 41لاکھ 75 ہزار 997 ویکسین کی خوراکیں موصول ہوئی ہیں، ابتک 33لاکھ 20ہزار 251 ویکسین لگ چکی ہیں۔