پتوکی کی رہائشی ایک 15 سالہ لڑکی نے وزیراعظم سیٹیزن پورٹل پر والد کے خلاف جنسی استحصال کی شکایت

  • July 6, 2021, 4:37 pm
  • National News
  • 148 Views

پتوکی کی رہائشی ایک 15 سالہ لڑکی نے وزیراعظم سیٹیزن پورٹل پر والد کے خلاف جنسی استحصال کی شکایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پتوکی کی رہائشی ایک 15 سالہ لڑکی نے وزیراعظم سیٹیزن پورٹل اور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفئیر بیورو پر شکایت درج کرواتے ہوئے کہا کہ میرے والد گذشتہ پانچ سالوں سے مجھے اپنی جنسی ہوس کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
شکایت کنندہ کے مطابق اس سب کے بعد اب مجھے احساس ہوتا ہے کہ میرے والد میری 8 سالہ بہن سے جنسی زیادتی کرنے کے لیے موقع کی تلاش میں ہوتے ہیں۔ مجھے یہ سوچ کر بھی خوف آتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں نے شکایت درج کرنے کی ہمت کی۔ اسی طرح کا ایک اور واقعہ بہاولپور سے بھی سامنے آیا تھا جہاں والد کی جانب سے ایک سال تک بارہا جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے بعد متاثرہ لڑکی حاملہ بھی ہوئی۔
یہ واقعہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جنسی استحصال ، ریپ کیسز اور خواتین کے لباس سے متعلق بیان دینے کے ایک روز بعد سامنے آیا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ متاثرہ لڑکی کی والدہ کو والد کی جانب سے بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کا علم تب ہوا جب وہ اسے اسقاط حمل کے لیے قریبی اسپتال لے کر گئی۔ اس واقعہ پر متاثرہ لڑکی کے اہل خانہ نے کہا کہ ہمیں اس بات کا علم نہیں تھا البتہ ہم اس درندے کو نہیں چھوڑیں گے، انہوں نے کہا کہ اگر ایک باپ ہی اپنی بیٹی کی حفاظت نہیں کر سکتا تو پھر اور کون کرے گا ؟ ہم شرمندہ ہیں کہ ہم اس سے لاعلم رہے اور ہمارے ہی خاندان میں یہ گھناؤنا کام ہوتا رہا۔
لیکن اب ہم اس درندے کی اصلیت جان چکے ہیں۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں کم سن بچے بچیوں سے زیادتی کے واقعات میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے اور تقریبا نصف سے زائد کیسز میں ملزم کوئی گھر کا فرد یا پھر جاننے والا ہی ہوتا ہے۔