ناراض بلوچ رہنماؤں سے بات چیت پر کام شروع کر دیا ہے
- July 6, 2021, 7:10 pm
- Breaking News
- 130 Views
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سیاسی مسائل کی وجہ سے ناراض بلوچ قوم پرستوں سے مذاکرات کے لیے منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم نے کل ناراض بلوچوں سے بات چیت کا عندیہ دیا تھا، بھارت سے بے تعلق لیکن ناراض بلوچ رہنماؤں سے بات چیت پر کام شروع کر دیا ہے۔
عسکریت پسندوں سے بات چیت کے گزشتہ روز وزیر اعظم کے بیان کے بعد آج فواد چوہدری نے واضاحت کی ہے کہ ہندوستان سے تعلق اور دہشت گردی میں ملوث لوگوں کے لیے کسوٹی اور ہوگی، ان عناصر سے بات چیت ہوگی جو بھارت سے رابطے میں نہیں ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا لاہور دھماکے میں ملوث بیش تر افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، پنجاب پولیس نے بھارت کا بہت بڑا نیٹ ورک پکڑا ہے، اس سلسلے میں دہلی سے بینکوں میں ٹرانسفر ہونے والے پیسے کی تفصیلات بھی جلد سامنے آئیں گی، جوہرٹاؤن دھماکے کے ملزمان کی گرفتاری پر اداروں کو سراہا گیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ امید ہے ہم 15 جولائی تک الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام تیار کر لیں گے، اسکردو میں ایک ایئر پورٹ بنا رہے ہیں، وزیر اعظم نے تھری جی اور فور جی سہولت پر ترجیحی اقدامات کے لیے کہا ہے، جہاں یہ سہولتیں نہیں وہاں دی جائیں گی، وزیر اعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ سیاحت سے متعلق ایئر پورٹس کو پورا سال فعال رکھا جائے، معذور افراد سے متعلق پروازوں کے انتظام کو بہتر کیا جائے گا۔