کراچی میں 15 جولائی، پختون خوا میں اتوار کی رات سے بارشوں کی پیش گوئی
- July 8, 2021, 9:43 pm
- Weather News
- 197 Views
محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون کے پہلے اسپیل کی پیش گوئی کر دی ہے، شہر قائد میں 15 جولائی سے بارشوں کے پہلے اسپیل کا آغاز ہوگا، جب کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ اتوار کی رات سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارشوں کے پہلے اسپیل کا دورانیہ 15 سے 17 جولائی تک ہونے کا امکان ہے، اور پہلےاسپیل میں درمیانے درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔
خیبر پختون خوا میں اتوار سے بارشوں اور تیز ہواؤں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، بارش اور تیز ہواؤں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، پی ڈی ایم نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو تحریری مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں بھی پیر سے بدھ تک اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، پراونشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے پی کے ڈائریکٹر جنرل نے شریف حسین نے بتایا کہ بارشوں اور تیز ہواؤں سے بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
جن علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، وہاں انتظامیہ کو چھوٹی اور بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔
محمکہ موسمیات کے مطابق اتوار کی رات سے صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشیں شروع ہوں گی، بارشوں سے گرمی کی شدت میں بھی کمی آ جائے گی، پی ڈی ایم اے نے شمالی علاقوں کی سیر کے لیے جانے والے سیاحوں کو بھی ان دنوں میں احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔