عمران خان کے پروٹوکول میں کمی کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا گیا، وزیر کا 34 گاڑیوں کا پروٹوکول

  • July 16, 2021, 5:01 pm
  • National News
  • 132 Views

وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے کے بعد عوام کے ٹیکس کے پیسوں کی حفاظت کے لیے پروٹوکول میں کمی لانے اور کفایت شعاری کی پالیسی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم اب چند روز قبل ایک مرتبہ پھر سے وزیراعظم عمران خان نے کالونیل دور کا سکیورٹی پروٹوکول کلچر ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے تمام وزرا اور صوبوں کے گورنروں کو پروٹوکول میں کمی کی ہدایت کر دی ۔
تاہم اب وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے وزیراعظم عمران خان کے احکامات کو ہوا میں اُڑا دیا۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دیکھا گیا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے وزیراعظم عمران خان کے احکامات کی نفی کرتے ہوئے 34 گاڑیوں کے ہمراہ ایک جگہ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر سڑکیں بالکل خالی نظر آئیں۔ سوشل میڈیا پر موجود ویڈیو ایک دکان کے اندر سے بنائی گئی تھی جس کا مقصد وفاقی وزیر کا پروٹوکول دکھانا تھا، اس پروٹوکول میں کئی گاڑیاں اور پولیس کی موٹرسائیکلیں بھی شامل تھیں۔

اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:اہل علاقہ نے نے وفاقی وزیر کو اس قدر شاہانہ پروٹوکول کے ساتھ آنے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایک طرف وزیراعظم عمران خان عوام کے پیسوں کی حفاظت کرنے میں لگے ہیں اور انہوں نے تمام وزرا کو بھی پروٹوکول میں کمی لانے کی ہدایت کی ہے لیکن وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کس جرأت سے وزیراعظم عمران خان کے احکامات ہوا میں اُڑا دئے۔

سوشل میڈیا صارفین نے یہ ویڈیو وائرل ہونے پر وفاقی وزیر کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ بھی کیا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کالونیل دور کا پروٹوکول کلچر ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ کالونیل دور کے پروٹوکولز ختم کرنے جارہے ہیں۔ جس کے بعد گلگت بلتستان میں سرکاری و سیاسی شخصیات کے پروٹوکول پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ جبکہ آئی جی موٹروے پولیس سید کلیم امام نے موٹروے پر اہم شخصیات کو پروٹوکول نہ دینے کا اعلان کیا تھا۔