اسلام آباد میں کنووں کی کھدائی کے دوران زمین سے تیل نکل آیا
- July 16, 2021, 5:11 pm
- National News
- 205 Views
اسلام آباد میں کنووں کی کھدائی کے دوران زمین سے تیل نکل آیا، ایک گھر میں کھدائی کے دوران تیل نکلنے کے بعد کئی شہریوں نے کنویں کھود کر غیر قانونی طور پر تیل نکال کر فروخت کرنا شروع کر دیا، ضلعی انتظامیہ نے سخت ایکشن لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سیکٹر ایچ 13 میں کھدائی کے دوران زمین سے تیل نکل آنے کا انکشاف ہوا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ سیکٹر ایچ 13میں تھانہ شمس کالونی کی حدود میں رہائش پذیر کچھ افراد نے پانی کیلئے کنویں کی کھدائی شروع کی اور 450 فٹ گہرائی تک بورنگ کر ڈالی، اتنی گہرائی میں بورنگ کرنے کے بعد زمین سے تیل نکل آیا۔ پانی کیلئے کھودے گئے کنویں سے تیل نکلنے کے بعد رہائشیوں نے تیل کی باقاعدہ فروخت شروع کر دی، جبکہ علاقے کے دیگر کچھ لوگوں کو بھی زمین سے تیل نکلنے کا واقعے کا علم ہوا تو انہوں نے بھی کنویں کھود کر زمین سے تیل نکالنا شروع کر دیا اور پھر باقاعدہ طور پر غیر قانونی پٹرول پمپ بنا کر تیل کی فروخت بھی شروع کر دی گئی۔
مقامی افراد نے کئی مقامات ہر بورنگ کر کے غیر قانونی پر تیل نکالنا شروع کیا اور اور کافی وقت تک یہ کام چلتا رہا۔ اس تمام واقعے کا علم ہونے کے بعد اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے علاقے میں چھاپہ مار کر کچھ افراد کو حراست میں لیا ہے، اور غیر قانونی پمپ بھی سیل کر دیے گئے۔ اس کے علاوہ زمین سے کھدائی کے دوران نکلنے والے تیل کے نمونے آئل اینڈ گیس ریگلولیٹری اتھارٹی کو بھیج دیے گئے ہیں۔ اس ایکشن کے بعد علاقے میں دفعہ 144 بھی لگا دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ رہائشی علاقے میں صرف 450 فٹ کی کھدائی کے نتیجے میں تیل کیسے نکل آیا۔ اس حوالے سے اوگرا کی تحقیقات کے بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے۔