یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹا، چینی اور گھی مہنگا کرنے کی منظوری دے دی گئی
- July 16, 2021, 5:14 pm
- National News
- 124 Views
یوٹیلیٹی اسٹورز پر 3 بنیادی اشیا ضروریہ مزید مہنگی کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر 3 بنیادی اشیا مہنگی کرنے کی منظوری اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے دی گئی ہے ، جس کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی فی کلو قیمت میں 17 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی 68 کی بجائے 85 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگی، اسی طرح یوٹیلیٹی اسٹورز پر 20 کلو آٹے کا تھیلا مزید 150 روپے مہنگا کردیا گیا ہے اور 20 کلو آٹے کے تھیلے کی نئی قیمت 950 روپے کردی گئی ہے جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 170 روپے فی کلو کی قیمت پر ملنے والے گھی کی نئی قیمت 260 روپے مقرر کردی گئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ہی وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ سے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر مزید مہنگائی کا بم گرا دیا ہے ، پٹرول کی قیمت میں5.40 روپے ، ڈیزل 2.54 روپے، مٹی کا تیل 1.39 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1.27 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ، وزیراعظم عمران خان نے قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔
معاون خصوصی شہباز گل نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اوگرا کی سفارشات کے برعکس عوام کو حد درجہ ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عالمی منڈی میں گزشتہ کئی ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 11.40 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تاہم وزیر اعظم نے اوگرا سفارشات کے برعکس عوامی مفاد میں پٹرول کی قیمت میں محض 5.40 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی ، ڈیزل کی قیمت میں 2.54 روپے فی لیٹر، کیروسین کی قیمت میں 1.39 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1.27 روپے فی لیٹر کی اجازت دی گئی ہے۔