کورونا ویکسینیشن نہ کروانے والوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنے کی سفارش
- July 24, 2021, 4:28 pm
- COVID-19
- 174 Views
سندھ حکومت نے این سی او سی سے کورونا ویکسی نیشن نہ کروانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا، جس میں موبائل فون سم کے بعد سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کورونا ویکسی نیشن نہ کروانے والوں کےخلاف سخت ایکشن کا فیصلہ کرلیا ، اس حوالے محکمہ صحت سندھ کی جانب سے این سی او سی کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔
مراسلے میں محکمہ صحت سندھ نے 4مراحل میں کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں موبائل فون سم بلاک کرنے کا انتباہ بھیجا جائے، دوسرے مرحلےمیں سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنے کی سفارش کی جائے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ تیسرے مرحلےمیں موبائل فون سے کالز کرنے کی سہولت ختم کردی جائے اور چوتھےمرحلے میں ویکسین نہ لگوانے پرموبائل فون سم بلاک کردی جائے۔
محکمہ صحت سندھ نے مراسلے میں این سی او سی پی ٹی اے سے بھی فوری اقدامات کا کہا ہے۔
گذشتہ روز سندھ حکومت نے ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کی موبائل سم بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور کہا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اس ضمن میں پی ٹی اے کو خط لکھیں گے۔
صوبائی حکومت نے ہدایت کی تھی کہ پی ٹی اے لوگوں کو میسج کی صورت میں پیغام بھیجے کہ ویکسین لگوائیں اور جو لوگ ایک ہفتے میں ویکسین نہ لگوائیں ان کی موبائل سم بلاک کی جائے۔
خیال رہے بھارتی کورونا قسم ‘ڈیلٹا’ کے پھیلاؤ کے پیش نظر سندھ حکومت نے دوبارہ پابندیوں عائد کردی ہے، پیر سے تعلیمی ادارے بند ہوں گے جبکہ دیگر کاروباری امور سے متعلق بھی قوائد وضوابط تبدیل کیے گئے ہیں۔