حکومت کی غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو 14 اگست تک پاکستان چھوڑنے کی حتمی وارننگ
- July 26, 2021, 5:00 pm
- National News
- 137 Views
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد 14 اگست تک ملک چھوڑ دیں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی حکومت (نادرا) میں تصحیح، تصدیق اور تجدید کا نیا نظام لارہی ہے. اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان شیخ رشید احمدنے کہا کہ 840 شناختی کارڈز جو وزیروں نے انتخابات میں ریلیز کرائے تھے ان سب کو مسترد کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں انہوں نے کہا کہ نادرا میں پالیسی لائیں گے کہ انگوٹھے کے نشانوں سے آئی ڈی کارڈ کے سسٹم کو بحال رکھا جائے.
انہوں نے کہا کہ تصدیق، تجدید اور تصحیح کی نئی پالیسی لارہے ہیں جو کارڈ مشکوک ہوں گے انہیں پیغامات بھیجیں گے اور وہ انٹرنیٹ کے ذریعے اس کا جواب دیں گے تاکہ ہم دیکھ سکیں کہ کوئی غیر ذمہ دار شخص پاکستان کے شناختی کارڈ سے فائدہ تو نہیں اٹھارہا انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بغیر ویزا کے سالوں سے مقیم لوگوں کو 14 اگست تک کا وقت دیتا ہوں کہ وہ پاکستان چھوڑدیں یا ویزا کے لیے درخواست دے دیں تو ان کے جرمانے کی فیس معاف کردوں گا.
انہوں نے کہا کہ نادرا کو قومی توقعات کے عین مطابق بنانے کے لیے نئے چیئرمین نے عہدہ سنبھالا ہے اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ کو بھی مزید ترقی دینا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارت اور اسرائیل نے ہائبرڈ وار کا آغاز کردیا ہے، یہ نادرا کو مشکوک بنانا چاہتے ہیں اور اس کی سوشل میڈیا پر مہم چلارہے ہیں .
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف تنہا حکومت بنانے جا رہی ہے پیپلز پارٹی نے انتخابات میں بوریاں بھر کر نوٹ خرچ کرنے کے باوجود صرف 2 سے 3 سیٹوں میں اضافہ کیا آئندہ انتخابات میں پوری کوشش ہوگی کہ سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہو. انہوں نے کہاکہ نواز شریف اینٹی آرمی، اینٹی اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی عمران خان ہیں وہ باہر سے تقریریں نہ کریں بلکہ واپس آنا چاہتے ہیں تو چارٹرڈ طیارہ بھیجنے کے لیے تیار ہیں شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگر نوازشریف مودی اور جندال کے ساتھ پگڑیاں بدل سکتے ہیں تو وہ کچھ بھی کرسکتے ہیں یہ 2023 میں بھی دھاندلی کا رونا روئیں گے.
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ14 اگست تک آن لائن ویزے کی درخواست دینے والوں کی فیس معاف کر دیں گے انہوں نے کہا کہ افغان آرمی کے جن 45 اہلکاروں کو پناہ دی گئی ہے ان کو باعزت طریقے سے واپس کریں گے سرحد پر 90 فیصد باڑ لگانے کا عمل مکمل ہو چکا ہے. شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھارت اسرائیل کے ساتھ مل کر پاکستان کا ڈیٹا چوری کرنے کے لیے کام کر رہا ہے چین والا نظام یہاں ہونا چاہے اور کرپٹ افراد اور قاتلوں کو سزائے موت ہونی چاہیے انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ بننے کا مطلب یہ نہیں کہ اپنی اوقات بھول جاﺅں تاہم میں زمینی وزیر داخلہ ہوں، خلائی وزیر داخلہ نہیں ہوں سرحد پر جاﺅں گا اور فوجیوں کے ساتھ کھانا بھی کھاﺅں گا‘ چائے پیوں گا.
وزیر داخلہ نے پاک فوج سے متعلق کہا کہ پاک فوج دنیا کی عظیم ترین فوج ہے اور نواز شریف جی ایچ کیو کی پیداوار ہیں لیکن فوج کے خلاف بدزبانی کرتے ہیں وہ اب کبھی اقتدار میں نہیں آسکتے نواز شریف کو جنرل جیلانی سے پہلے کوئی نہیں جانتا تھا.