سکول جانے کیلئے گھرسے نکلنے والی 3 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کا ہولناک واقعہ
- July 26, 2021, 5:02 pm
- National News
- 298 Views
سکول جانے کیلئے گھرسے نکلنے والی 3 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کا ہولناک واقعہ، بچی سے زیادتی کرنے والے اوباش کو 24 گھنٹوں کے اندر پولیس نے گرفتار کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آ گسٹین نے رائے ونڈ میں کمسن بچی سے زیادتی کے واقعہ پر فوری ایکشن لیتے ہوئے پولیس کو ایف آ ئی آر درج کرنے کا حکم دے دیا بعد ازاں ملزم سلیم کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔
صوبائی وزیر کے نوٹس میں لایا گیا کہ رائے ونڈ سندر روڈ کرسچن کالونی میں ایک اوباش نے کمسن تین سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کی ہے اور پولیس کارروائی نہیں کررہی جس پر صوبائی وزیر نے فوری ایکشن لیا تو ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
متاثرہ بچی کو حالت خراب ہونے کے باعث چلڈرن ہسپتال لاہور میں داخل کرادیا گیا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا ہے کہ سرکاری اسکول میں 3سالہ بچی سے زیادتی کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، متاثرہ بچی کے لواحقین سے رابطہ کیا ہے، پولیس کی جانب سے ایف آئی آر کے اندراج کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، بچی کو مکمل انصاف ملے گا۔
بچی کے والدین کے مطابق بچی نجی کمپنی کے تعاون سے چلنے والے اسکول میں پڑھنے گئی تھی، واپسی پر ملزم سلیم نے اسے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔صوبائی وزیر نے پولیس کو ہدایت دی کہ تمام قانونی کارروائی کے بعد ملزم کو سخت سے سخت سزا دلوائی جائے اوربچی کے والدین کو تحفظ اور متاثرہ بچی کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ واضح رہے کہ ملک میں چھوٹے بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں بڑھوتری دیکھنے میں آئی ہے، جبکہ پولیس اس ضمن میں کوئی اہم کامیابی حاصل کرنے میں ناکام ٹھہری ہے- اس حوالے سے حکومت کی جانب سے بھی اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور سخت قوانین بھی بنائے گئے ہیں، تاہم ان قوانین پر عمل درآمد کیے بغیر نتائج حاصل نہیں کیے جا سکتے-