مرغی کی قیمت عوام کیلئے حیران کن سرپرائز بن گئی
- July 28, 2021, 12:46 pm
- Business News
- 190 Views
مرغی کی قیمت عوام کیلئے حیران کن سرپرائز بن گئی مارکیٹ میں فی کلو زندہ مرغی کی قیمت 10 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی، 131 روپے فی کلو کی قیمت میں دستیاب۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں عید الاضحیٰ گزرنے کے باوجود مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ عمومی طور پر عید الاضحیٰ گزرنے کے چند روز بعد مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آتا ہے، تاہم اس مرتبہ مارکیٹ میں مختلف ٹرینڈ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پرچون سطح پر برائلر گوشت کی قیمت26روپے کمی سے190روپے، جبکہ زندہ مرغی کی قیمت18روپے کمی سے131روپے فی کلو کی سطح پر آگئی ہے۔ یہ 10 ماہ کے دوران مرغی کے گوشت اور زندہ مرغی دونوں کی کم ترین قیمتیں ہیں۔
تاہم فارمی انڈوں کی قیمت162روپے فی درجن پر مستحکم ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آخری مرتبہ زندہ مرغی اور برائلر گوشت کی اتنی کم قیمت ستمبر 2020 میں ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے بعد سے قیمتوں میں اضافے کا ایسا رجحان دیکھنے میں آیا کہ مرغی کا گوشت غریب تو غریب متوسط طبقے کی پہنچ سے بھی دور ہو گیا تھا۔
چند ماہ قبل تک برائلر گوشت کی قیمت ملکی تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے 600 روپے فی کلو کی ہوشربا سطح تک جا پہنچی تھی۔ واضح رہے کہ عید سے ایک روز قبل مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا اور قیمت 200 روپے کی سطح کو عبور کر گئی تھی، تاہم عید کے بعد برائلر گوشت اور زندہ مرغی دونوں کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں اس وقت برائلر گوشت کی طلب کافی کم ہے، اسی وجہ سے قیمتوں میں اس قدر کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔