بلوچ پشتون اقوام تقسیم کی متحمل نہیں ہو سکتی، لشکری رئیسانی
- July 28, 2021, 12:54 pm
- National News
- 130 Views
کوئٹہ: بلوچستان پیس فورم کے چیئرمین نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے بلوچستان کی بلوچ،پشتون اقوام کسی تقسیم کی متحمل نہیں ہوسکتیں، صوبے کو درپیش بحرانوں کا مقابلہ یکجا ہوکر ہی کیا جاسکتا ہے۔ بلوچستان میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں کھیلوں کے مقابلے منعقدکئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیارت کے ملک شیر علی کرکٹ گراؤنڈمیں کرکٹ،فٹبال، والی بال، کشتی، جمپ، دوڑ، رسہ کشی، مارشل آرٹس، جمناسکٹ، ودیگر کھیلوں کے مقابلوں کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پربلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ، سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کردسمیت علاقائی معتبرین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مخیر حضرات نصیر خان کاکڑ کی تقلید کرتے ہوئے بلوچستان کے تمام اضلاع میں کھیلوں کے مقابلے منعقدہ کراتے ہوئے معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بلوچ،پشتون اقوام کسی تقسیم کی متحمل نہیں ہوسکتیں بلوچستان کیلئے اُٹھنے والی آواز کو دبایا جارہا ہے اس آواز کو دبنے سے روکنے کیلئے دونوں اقوام آپسی انتشار اور اختلافات کا خاتمہ کرتے ہوئے صوبے کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کیلئے مشترکہ جدوجہد کو ترجیح دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی اپنی روایات ہیں یہاں مہمان نوازی ایک دوسرے سے محبت ہماری طرز زندگی کا حصہ ہے اسے آگئے بڑھایا جائے۔اس موقع پر لالا ظاہر خان دومڑ،قاری اختر شاہ کھرل، عباس لہڑی، ملک علاؤالدین کاکڑ، دین محمد رئیسانی، حاجی رحیم ترین،رشید اعوان، بجار خان میروانی،چوہدری رفعت علی،حفیظ رئیسانی، گل آغا، صالح کاکڑ ودیگر بھی موجود تھے۔