پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر خطرناک صورت حال اختیار کرگئی، ایک دن میں 86 اموات

  • July 29, 2021, 11:02 am
  • COVID-19
  • 137 Views

اسلام آباد : پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر شدت اختیار کر گئی ہے ، ایک دن میں مزید 86 مریض جاں بحق اور 4500 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا صورتحال سے متعلق تازہ اعدادو شمار جاری کردیئے۔

جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹوں میں کورونا کے 58ہزار203 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 4 ہزار 537 مثبت نکلے اور اس دوران کوروناکےٹیسٹ مثبت آنےکی شرح7.79 فیصد رہی۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ ملک میں24گھنٹےمیں کورونامیں مبتلا مزید86 افرادانتقال کرگئے، جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 23 ہزار 295 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک میں مجموعی کیسز 10 لاکھ 24 ہزار 861 ہوگئی اور فعال کیسز کی تعداد 23295 ہے جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1489 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 38 ہزار 843 تک جاپہنچی ہے۔

اعدادو شمار کے مطابق سندھ میں اب تک کورونا کے کیسز کی تعداد تین لاکھ 77 ہزار 231، پنجاب میں تین لاکھ 55 ہزار 483، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 43 ہزار 213 اور بلوچستان میں 30 ہزار 162 ہے جبکہ اسلام آباد میں 86 ہزار 945، آزاد کشمیر میں 23 ہزار 819 اور گلگت بلتستان میں آٹھ ہزار 8 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

خیال رہے سندھ میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ آج ہوگا۔