بلوچستان میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے تجاوز کر گئی
- August 4, 2021, 12:28 pm
- COVID-19
- 191 Views
کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 5.91 فیصد ہوگئی، صوبے میں کرونا وائرس کا کوئی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں کرونا وائرس مثبت کیسز کی شرح 5.91 فیصد رپورٹ کی گئی ہے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کرونا کیسز کی شرح 2.55 فیصد ہے، گوادر میں 85.71 فیصد، خضدار میں 3.92 اور تربت میں 8.87 فیصد ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں کرونا وائرس کا کوئی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں، صوبے بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے 82 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں جبکہ 11 سو 3 بستر دستیاب ہیں۔
بلوچستان سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 8.22 فیصد ہوچکی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس کے 46 مریض انتقال کر گئے جبکہ 4 ہزار 722 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 10 لاکھ 47 ہزار 999 ہوچکی ہے۔