راولپنڈی میں بھائیوں نے 22 سالہ بہن کو ڈنڈے مار مار کر قتل کر دیا

  • August 6, 2021, 2:29 pm
  • Breaking News
  • 266 Views

راولپنڈی میں بہن کو غیرت کے نام پر قتل کرنے والے دو بھائیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں جواں سالہ لڑکی کو سر پر ڈنڈوں کے وار کر کے قتل کیا گیا۔22 سالہ نسرین کو قتل کرکے لاش کو بھینسوں کے باڑے میں پھینک دیا گیا۔پولیس موقع پر پہنچی تو پہلے پہل اہل علاقہ اور مقتولہ کے ورثاء نے موقف دینے سے گریز کیا۔
جب معاملے کی تفتیش کی گئی تو اس کا قاتل اپنا ہی بھائی نکلا،بھائی نے ہمشیرہ کو غیرت کے نام پر ڈنڈنے مار کر قتل کیا۔کیس میں والدہ اور دو بھائی بھی جرم چھپانے پر ملزم قرار پائے۔پولیس نے ملزم سمیت تینوں بھائیوں کو گرفتار کر لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق قتل کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی ابرار شاہ کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
مقتولہ کے گرفتار بھائی نے اقبال جرم کر لیا ہے۔جب کہ مدعی کے تیسرے بھائی کو جرم چھپانے اور شواہد مٹانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ملزمان کے قتل کے بارے میں والدہ کو بھی علم تھا۔نسرین بی بی کی والدہ اور بھائیوں نے حقائق چھپانے کی کوشش کی،پولیس نے ملزم سے قتل کے دوران استعمال ہونے والا ڈنڈا بھی برآمد کیا۔قتل کے مقدمہ میں ناقابل راضی نامہ دفعات شامل کرنے کے ساتھ ثبوت مٹانے کی دفعات بھی شامل کی گئیں۔
سی پی او راولپنڈی احسن یونس کا کہنا تھا کہ قتل میں غیرت کا عمل دخل نہیں ہوتا، ملزمان کو سخت سزا دی جائے گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل فیصل آباد کی بھینس کالونی میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر 2 لڑکیوں کو قتل کیا گیا تھا پولیس کے مطابق انہیں اطلاع ملی تھی کہ بھینس کالونی کے ایک گھر میں لڑکیوں کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاشیں دفن کرنے کے لیے ضلع چنیوٹ کے علاقے بھوانہ منتقل کر دی گئیں۔ پولیس نے بتایا کہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے ورثا کو لاشیں دفن کرنے سے روک کر لاشیں قبضے میں لے لی گئیں اور پوسٹ مارٹم کے لیے الائیڈ ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔پولیس نے مقتولہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں اس کے ایک دیور اور دوسری مقتولہ لڑکی کے والد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔